برفباری نے امریکا کو مفلوج کر دیا، ہزاروں پروازیں منسوخ

امریکا کی کئی ریاستیں شدید برفانی طوفان کی لپیٹ میں آ گئی ہیں جس کے باعث معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔ خراب موسمی حالات کی وجہ سے ملک بھر میں دس ہزار سے زائد فضائی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جبکہ ہزاروں صارفین کو بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برفباری اور بارش کے اس طاقتور نظام سے امریکا میں بیس کروڑ سے زیادہ افراد متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ٹیکساس، اوکلاہوما اور آرکنساس میں شدید برفباری ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد کم از کم اٹھارہ ریاستوں میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن، نیویارک، فلاڈیلفیا اور بوسٹن سمیت کئی بڑے شہروں میں مزید برفباری کا امکان ہے۔ نیویارک کے میئر نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر نو ریاستوں میں نیشنل گارڈز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔
برفانی طوفان کے نتیجے میں ملک کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے اور چوراسی ہزار سے زائد صارفین تاحال بجلی سے محروم ہیں۔ امریکی صدر کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت ریاستی اداروں کے ساتھ مل کر عوام کی حفاظت کو یقینی بنا رہی ہے اور متاثرہ ریاستوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔








