برطانیہ کے تین بڑے ایئرپورٹس سائبر حملے کی زد میں، لاکھوں مسافروں کا ڈیٹا متاثر

0
17
برطانیہ کے تین بڑے ایئرپورٹس سائبر حملے کی زد میں، لاکھوں مسافروں کا ڈیٹا متاثر

لندن: برطانیہ کے مانچسٹر، لندن اسٹینسٹیڈ اور ایسٹ مڈلینڈز ایئرپورٹس کو سائبر حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے، جس کے نتیجے میں لاکھوں مسافروں سے متعلق بعض ذاتی معلومات غیر مجاز افراد تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

متاثرہ ادارے مانچسٹر ایئرپورٹ گروپ کے مطابق حملے میں بعض صارفین کے ای میل پتے، فون نمبرز، پوسٹ کوڈز اور گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبرز تک رسائی حاصل ہوئی۔ زیادہ تر معلومات ایئرپورٹس کی وائی فائی سروس کے لیے رجسٹریشن سے متعلق بتائی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ پارکنگ، ایئرپورٹ لاؤنجز اور فاسٹ ٹریک سروسز کی بکنگ سے متعلق محدود معلومات بھی متاثر ہوئی ہیں۔

ایئرپورٹ گروپ کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے تاوان کی رقم کا مطالبہ کیا، تاہم انتظامیہ نے ادائیگی کرنے سے انکار کردیا۔ مطالبہ کی گئی رقم کے بارے میں تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

حکام کے مطابق سائبر حملے سے مسافروں کی حفاظت یا ہوائی سفر کی سیکیورٹی متاثر نہیں ہوئی اور تینوں ایئرپورٹس پر پروازوں سمیت معمول کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ انتظامیہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ متاثرہ سسٹمز میں صارفین کی بینک یا ادائیگی سے متعلق معلومات محفوظ نہیں تھیں۔

کمپنی کو حملے کا علم منگل کے روز ہوا، جس کے بعد متاثرہ نظام کو محفوظ بنانے اور خطرے کو محدود کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے گئے۔ متعلقہ حکام کو بھی واقعے سے آگاہ کردیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق ای میل، فون نمبر اور پوسٹ کوڈ جیسی معلومات بظاہر مالیاتی تفصیلات جتنی حساس نہیں ہوتیں، لیکن بڑی تعداد میں ان کے افشا ہونے سے فشنگ، جعل سازی اور سوشل انجینئرنگ جیسے سائبر جرائم کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مشکوک ای میلز، فون کالز اور ٹیکسٹ پیغامات سے محتاط رہیں اور کسی غیر مصدقہ ذریعے کو ذاتی یا مالی معلومات فراہم نہ کریں۔

Leave a reply