
اسلام آباد: وفاقی بجٹ کے حوالے سے حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان اختلافات تاحال برقرار ہیں، جس کے باعث پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے قومی اسمبلی میں بجٹ پر اپنی متوقع تقریر مؤخر کردی۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، سینئر رہنما نے بلاول بھٹو زرداری کو بجٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ کے دوران انہیں بتایا گیا کہ حکومت کی جانب سے مشاورت کے وقت پیپلز پارٹی کے ساتھ جو بجٹ تجاویز اور مالی اعداد و شمار شیئر کیے گئے تھے، قومی اسمبلی میں پیش کیے گئے بجٹ میں ان سے نمایاں فرق پایا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ان اختلافات پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے اس حوالے سے وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق، معاملے پر بات چیت کے لیے پیپلز پارٹی کی ایک اعلیٰ سطحی ٹیم جلد حکومتی نمائندوں سے رابطہ کرے گی تاکہ بجٹ سے متعلق تحفظات اور اختلافات پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، بجٹ کے معاملے پر جاری تحفظات کے باعث بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اپنی تقریر فی الحال ملتوی کردی ہے۔









