
گرمی میں ایئر کنڈیشنر کا ریموٹ اچانک جواب دینا بند کردے تو اکثر لوگ فوراً اس کے سیل تبدیل کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم ہر بار خرابی کی وجہ بیٹری نہیں ہوتی۔ بعض اوقات معمولی تکنیکی مسئلے یا ریموٹ میں موجود برقی چارج کی وجہ سے بھی یہ کام کرنا چھوڑ سکتا ہے۔
ایسی صورتحال میں نئے سیل خریدنے سے پہلے چند آسان اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔
سب سے پہلے ریموٹ سے دونوں بیٹریاں نکالیں اور پاور بٹن کو تقریباً 5 سے 10 سیکنڈ تک دبائے رکھیں۔ اس کے بعد چند لمحے انتظار کرکے بیٹریاں دوبارہ ریموٹ میں موجود مثبت اور منفی نشانات کے مطابق لگائیں۔ پھر ریموٹ کو اے سی کی جانب کرکے اسے چلانے کی کوشش کریں۔
اگر مسئلہ برقرار رہے تو ریموٹ کے اگلے حصے کو چیک کریں۔ یہاں موجود انفراریڈ ٹرانسمیٹر پر گرد یا مٹی جمی ہو تو سگنل متاثر ہوسکتا ہے۔ اسے نرم اور خشک کپڑے سے احتیاط سے صاف کیا جاسکتا ہے۔
بیٹریوں کی سمت بھی ضرور دیکھیں۔ بعض اوقات نئی بیٹریاں درست ہونے کے باوجود غلط سمت میں لگنے کی وجہ سے ریموٹ کام نہیں کرتا۔ اسی طرح بیٹری کے دھاتی کنکشن پر گرد یا زنگ موجود ہو تو برقی رابطہ متاثر ہوسکتا ہے۔ انہیں خشک کپڑے سے صاف کیا جاسکتا ہے، تاہم پانی یا کسی مائع کا استعمال نہیں کرنا چاہیے۔
موبائل کیمرے سے ریموٹ کا ٹیسٹ
ریموت کے انفراریڈ سگنل کو جانچنے کے لیے موبائل فون کا کیمرہ بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ کیمرہ کھول کر ریموٹ کا اگلا حصہ اس کے سامنے رکھیں اور کوئی بٹن دبائیں۔ اگر کیمرے کی اسکرین پر انفراریڈ لائٹ چمکتی دکھائی دے تو اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ریموٹ سگنل بھیج رہا ہے۔
البتہ ہر اسمارٹ فون کا کیمرہ انفراریڈ روشنی دکھانے کی صلاحیت نہیں رکھتا، اس لیے روشنی نظر نہ آنے کا مطلب لازماً یہ نہیں کہ ریموٹ خراب ہے۔
اگر ریموٹ سگنل بھیج رہا ہو لیکن اے سی پھر بھی جواب نہ دے تو ممکن ہے خرابی اے سی کے انفراریڈ ریسیور یا اس کے برقی نظام میں ہو۔ ایسی صورت میں اے سی کی بجلی بند کرکے کچھ دیر بعد دوبارہ چلانے کی کوشش کی جاسکتی ہے۔
اگر مسئلہ برقرار رہے تو ریموٹ اور اے سی دونوں کو کسی مستند ٹیکنیشن سے چیک کروانا بہتر ہے۔
ماہرین کے مطابق ریموٹ کو پانی، نمی اور شدید گرمی سے محفوظ رکھنا چاہیے۔ بار بار گرنے یا زور سے پھینکنے سے اس کے اندر موجود سرکٹ اور بٹن متاثر ہوسکتے ہیں۔ اسی طرح پرانی یا لیک ہونے والی بیٹریوں کو بروقت تبدیل کرنا بھی ضروری ہے تاکہ ریموٹ کے اندرونی حصوں کو نقصان نہ پہنچے۔









