
انسٹا گرام جلد اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور مفید فیچر متعارف کرانے جا رہا ہے، جس کے ذریعے اب ایک ہی پوسٹ میں شامل ہر تصویر یا ویڈیو کے ساتھ الگ کیپشن لکھنا ممکن ہوگا۔
اطلاعات کے مطابق اس فیچر کی آزمائش محدود صارفین کے درمیان جاری ہے۔ نئے اپڈیٹ کے بعد صارفین ملٹی فوٹو یا ویڈیو پوسٹس میں ہر سلائیڈ کے لیے جداگانہ وضاحت، معلومات یا تفصیل شامل کر سکیں گے، جس سے پوسٹس زیادہ مؤثر اور دلچسپ بن جائیں گی۔
فی الحال انسٹا گرام پر متعدد تصاویر یا ویڈیوز والی پوسٹ کے لیے صرف ایک مشترکہ کیپشن لکھنے کی سہولت موجود ہے، لیکن نئی تبدیلی کے بعد ہر تصویر یا کلپ کو الگ انداز میں بیان کیا جا سکے گا۔
ماہرین کے مطابق یہ فیچر خاص طور پر ٹریول بلاگرز، فوڈ کریئیٹرز، فیشن انفلوئنسرز، اساتذہ اور وی لاگرز کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا، کیونکہ وہ اب ہر تصویر یا ویڈیو کے پس منظر اور تفصیلات الگ سے شیئر کر سکیں گے۔ اس سے ناظرین کو مواد بہتر انداز میں سمجھنے میں بھی مدد ملے گی۔
گزشتہ چند برسوں میں انسٹا گرام پر ملٹی فوٹو اور ویڈیو پوسٹس کا رجحان تیزی سے بڑھا ہے۔ پلیٹ فارم انتظامیہ کے مطابق ایسی پوسٹس صارفین کی توجہ زیادہ دیر تک برقرار رکھتی ہیں اور انگیجمنٹ میں اضافہ کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی انسٹا گرام پوسٹس سے متعلق کئی نئے فیچرز متعارف کرا چکا ہے، جن میں پوسٹ شائع ہونے کے بعد تصاویر اور ویڈیوز کی ترتیب تبدیل کرنے کی سہولت بھی شامل ہے۔ اب ہر سلائیڈ کے لیے الگ کیپشن کا اضافہ صارفین کے تجربے کو مزید بہتر بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
انسٹا گرام انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ فیچر ٹیسٹنگ مرحلے میں ہے، تاہم کامیاب آزمائش کے بعد اسے مرحلہ وار تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔









