امریکا: 32 سالہ پالتو طوطا دنیا کا معمر ترین زندہ طوطا قرار

امریکا میں ایک پالتو طوطے نے غیر معمولی عمر پا کر دنیا کے معمر ترین زندہ پالتو طوطے کا اعزاز حاصل کر لیا۔
رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کے ایک خاندان کے زیرِ کفالت ہرے جسم اور جامنی سر والے طوطے “اسپوڈلز” کی عمر 32 سال سے تجاوز کر چکی ہے۔
طوطے کی مالک امانڈا بیتھ کے مطابق انہیں یہ طوطا 1997 میں والدہ نے تحفے میں دیا تھا۔ اس وقت طوطے کی عمر تقریباً تین سال تھی۔ ان کا کہنا ہے کہ اسپوڈلز نہ صرف باتیں کرنے کا شوقین ہے بلکہ خاصا چنچل اور آوازیں نکالنے والا بھی ہے۔
رواں برس 28 مارچ کو اسپوڈلز کی عمر 32 سال اور 28 دن مکمل ہونے پر اسے دنیا کے معمر ترین زندہ پالتو طوطے کے طور پر تسلیم کیے جانیکی خوشی میں خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی۔
ماہرین کے مطابق عام طور پر گھریلو ماحول یا پنجرے میں رکھے جانے والے طوطوں کی اوسط عمر 15 سے 20 سال ہوتی ہے، تاہم اسپوڈلز نے اس عمومی مدت سے کہیں زیادہ عمر پا کر ایک منفرد مثال قائم کی ہے۔









