
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے لبنان میں جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن کی جانب ایک مثبت پیشرفت قرار دیا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق پاکستان ایسے تمام اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہے جو مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی اور امن کے فروغ کا باعث بنیں۔ انہوں نے کہا کہ سفارتی کوششوں کے نتیجے میں سامنے آنے والی یہ پیش رفت قابلِ ستائش ہے اور امید ہے کہ اس سے خطے میں دیرپا استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھے گا اور خطے میں امن کے لیے ہونے والی ہر سنجیدہ سیاسی و سفارتی کوشش کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
دوسری جانب عالمی سطح پر یہ رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ فریقین کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے عارضی جنگ بندی پر اتفاق ہوا ہے، جس میں مختلف رہنماؤں کے درمیان رابطوں نے اہم کردار ادا کیا۔
پاکستانی قیادت نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس پیش رفت کو آگے بڑھا کر خطے میں پائیدار امن کی بنیاد رکھی جا سکے گی۔









