امریکا کی 250ویں سالگرہ: ٹرمپ کی تصویر سے مزین یادگاری پاسپورٹ کا نیا ڈیزائن سامنے آگیا

0
23
امریکا کی 250ویں سالگرہ: ٹرمپ کی تصویر سے مزین یادگاری پاسپورٹ کا نیا ڈیزائن سامنے آگیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر ایک یادگاری امریکی پاسپورٹ کے نئے ڈیزائن کی جھلک پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ٹروتھ سوشل” پر پاسپورٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اسے امریکا کی تاریخی سالگرہ سے منسوب کیا۔

جاری کردہ ڈیزائن کے مطابق پاسپورٹ کے ایک صفحے پر صدر ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس کے ریزولوٹ ڈیسک پر بیٹھے دکھایا گیا ہے، جبکہ پس منظر میں امریکی اعلانِ آزادی کا متن شامل ہے۔ اسی صفحے پر ان کے دستخط بھی نمایاں کیے گئے ہیں۔ دوسری جانب سامنے والے صفحے پر معروف مصور جان ٹرمبل کی تاریخی پینٹنگ “دی ڈیکلریشن آف انڈیپنڈنس” کو جگہ دی گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق پاسپورٹ میں شامل ٹرمپ کی تصویر واشنگٹن میں واقع اسمتھسونین نیشنل پورٹریٹ گیلری میں موجود ان کے سرکاری پورٹریٹ سے مماثلت رکھتی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ ڈیزائن اس ابتدائی خاکے سے مختلف ہے جو رواں سال کے آغاز میں امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے پیش کیا گیا تھا۔

بعد ازاں وائٹ ہاؤس کے سرکاری ایکس اکاؤنٹ پر بھی اسی ڈیزائن کو شیئر کیا گیا اور بتایا گیا کہ یہ امریکا کی 250ویں سالگرہ کی یادگار کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

تاہم یہ ابھی واضح نہیں کہ آیا یہی ڈیزائن سرکاری اور حتمی یادگاری پاسپورٹ ہوگا یا نہیں۔ اس حوالے سے پوچھے گئے سوالات پر وائٹ ہاؤس نے مؤقف اختیار کیا کہ مزید تفصیلات امریکی محکمہ خارجہ فراہم کرے گا۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این نے بھی محکمہ خارجہ سے رابطہ کیا ہے، تاہم خبر کی اشاعت تک کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

Leave a reply