امریکا کا پاسدارانِ انقلاب کے مالی نیٹ ورک پر بڑا ایکشن، 15 ملین ڈالر انعام کا اعلان

0
17
امریکا کا پاسدارانِ انقلاب کے مالی نیٹ ورک پر بڑا ایکشن، 15 ملین ڈالر انعام کا اعلان

ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے مالیاتی نیٹ ورک سے متعلق معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے امریکا نے بڑا انعامی اعلان کردیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ماتحت کام کرنے والے پروگرام “ریوارڈز فار جسٹس” کے مطابق قابلِ اعتماد معلومات دینے والے افراد کو 15 ملین ڈالر تک انعام دیا جاسکتا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ ایرانی پاسدارانِ انقلاب اور اس کی ذیلی شاخ قدس فورس دنیا کے مختلف خطوں میں مبینہ دہشت گرد سرگرمیوں اور ان کی مالی معاونت میں ملوث رہی ہیں۔ واشنگٹن کے مطابق آئی آر جی سی خفیہ مالیاتی نظام، فرنٹ کمپنیوں اور غیرقانونی کاروباری نیٹ ورکس کے ذریعے فنڈز حاصل کرتی ہے تاکہ عالمی پابندیوں سے بچا جاسکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران سے منسلک تیل کی خفیہ ترسیل، استعمال ہونے والے ٹینکرز، معاون کمپنیوں اور متعلقہ افراد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والوں سے رابطے کے لیے واٹس ایپ، سگنل اور ٹیلیگرام جیسے ذرائع استعمال کیے جاسکتے ہیں۔
امریکا پہلے ہی 2019 میں پاسدارانِ انقلاب کو غیرملکی دہشت گرد تنظیم قرار دے چکا ہے۔ امریکی حکام کا دعویٰ ہے کہ یہ تنظیم سائبر حملوں اور بیرونِ ملک ایرانی مخالف شخصیات کو دھمکانے جیسی سرگرمیوں میں بھی ملوث رہی ہے۔
دوسری جانب یورپی پارلیمنٹ نے بھی 2023 میں ایک قرارداد کے ذریعے یورپی یونین سے مطالبہ کیا تھا کہ آئی آر جی سی کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا جائے۔ تاہم بعض یورپی ممالک، خصوصاً جرمنی، کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے ایران کے جوہری پروگرام پر جاری سفارتی مذاکرات متاثر ہوسکتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اگر یورپی یونین مستقبل میں پاسدارانِ انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتی ہے تو یورپ میں اس تنظیم کی حمایت، رکنیت یا اس کے جھنڈے اور لوگو کی نمائش بھی قانونی جرم بن سکتی ہے۔

Leave a reply