امریکا میں ایئر شو کے دوران دو جنگی طیارے ٹکرا گئے، تمام اہلکار محفوظ

امریکا کی ریاست ایڈاہو میں منعقد ہونے والے ایک ایئر شو کے دوران دو جنگی طیارے فضا میں آپس میں ٹکرا گئے، تاہم خوش قسمتی سے دونوں طیاروں میں سوار عملے کے چاروں ارکان محفوظ رہے۔
امریکی نیوی کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب دونوں طیارے فضائی کرتب کا مظاہرہ کر رہے تھے۔ عملے نے بروقت طیاروں سے باہر نکل کر اپنی جان بچالی۔
یہ واقعہ اتوار کے روز ماؤنٹین ہوم ایئر فورس بیس کے قریب ہونے والے “گن فائٹر اسکائیز ایئر شو” کے دوران پیش آیا۔ حادثے کے فوراً بعد دونوں طیاروں میں آگ لگ گئی، جس کے باعث فوجی بیس کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا جبکہ ایئر شو کی باقی سرگرمیاں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
ماؤنٹین ہوم ایئر فورس بیس انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا کہ حادثے میں شامل تمام اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ حکام نے ایئر شو میں شریک افراد کے تعاون اور تحمل پر بھی شکریہ ادا کیا۔
امریکی نیوی کے ترجمان کے مطابق پائلٹس اور دیگر عملے کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ایئر شو کے منتظمین کے مطابق حادثے میں فوجی بیس پر موجود کسی بھی شخص کو نقصان نہیں پہنچا۔
حادثے کا شکار ہونے والے دونوں طیارے “ای اے-18 جی گراولر” ماڈل کے تھے، جو امریکی نیوی کے الیکٹرانک اٹیک اسکواڈرن سے تعلق رکھتے ہیں۔ امریکی حکام کے مطابق ان جدید جنگی طیاروں میں سے ایک کی قیمت تقریباً 6 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہے۔
واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ “گن فائٹر اسکائیز ایئر شو” کے دوران اس سے قبل 2018 میں بھی ایک حادثہ پیش آیا تھا، جس میں ایک گلائیڈر پائلٹ ہلاک ہو گیا تھا۔ تاہم حالیہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔









