امریکا ایران مذاکرات تعطل کا شکار، جے ڈی وینس کا دورہ پاکستان مؤخر

امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان متوقع مذاکرات کے دوسرے دور سے قبل اہم سفارتی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا پاکستان کا مجوزہ دورہ فی الحال مؤخر کر دیا گیا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایران کی جانب سے مذاکرات کے حوالے سے مثبت اور واضح ردعمل نہ ملنے کے باعث اس دورے کو ملتوی کیا گیا۔ ایک امریکی عہدیدار کے مطابق تہران نے ابھی تک اس حوالے سے کوئی حتمی جواب نہیں دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وفد کے دیگر ارکان، جن میں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شامل تھے، بھی پاکستان روانہ نہیں ہوئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ایران کی جانب سے مثبت پیش رفت سامنے آتی ہے تو وفد کا دورہ دوبارہ شیڈول کیا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب امریکی میڈیا کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس اب واشنگٹن میں پالیسی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اطلاعات ہیں کہ مذاکرات کسی بھی وقت دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں، تاہم امریکی قیادت طویل المدتی معاہدے کے بغیر کسی عارضی جنگ بندی میں توسیع کے حق میں نہیں۔
ادھر ایران نے بھی اس حوالے سے محتاط مؤقف اختیار کیا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات میں شرکت کے بارے میں ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ ان کے مطابق ایران اسی صورت میں مذاکرات میں شرکت کا فیصلہ کرے گا جب انہیں نتیجہ خیز ہونے کی امید ہو۔
ایرانی ترجمان نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی بحری جہازوں اور سمندری تجارت کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، جسے سمندری قزاقی اور ریاستی دہشت گردی کے مترادف قرار دیا جا سکتا ہے۔









