اسکول کرکٹ کا دائرہ ملک بھر تک پھیلانے کا فیصلہ، 1400 اسکول شریک ہوں گے

0
7
اسکول کرکٹ کا دائرہ ملک بھر تک پھیلانے کا فیصلہ، 1400 اسکول شریک ہوں گے

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملک میں نئے کرکٹ ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے اسکول کرکٹ پروگرام کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز کے دوسرے سیزن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔

پروگرام کا افتتاحی میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں بیکن ہاؤس اور ایچیسن کالج کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا۔ تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے شرکت کی، جبکہ میچ کے بعد شائقین کے لیے معروف گلوکار راحت فتح علی خان کے کنسرٹ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ پی سی بی کے مطابق شائقین کے لیے اسٹیڈیم میں داخلہ مفت رکھا گیا۔

پی سی بی کے منصوبے کے تحت رواں سیزن میں 100 اضلاع کے 1400 اسکولوں کے تقریباً 21 ہزار طلبہ کرکٹ سرگرمیوں میں حصہ لیں گے، جبکہ مجموعی طور پر 2 ہزار 895 میچز کھیلے جائیں گے۔

گزشتہ سیزن میں 39 اضلاع کے 450 اسکولوں نے پروگرام میں حصہ لیا تھا۔ نئے سیزن میں پروگرام کا دائرہ بڑھا کر ملک کے مزید علاقوں تک پہنچایا گیا ہے، جس میں گلگت سے گوادر اور دیگر دور دراز خطے بھی شامل ہیں۔

پی سی بی کے مطابق پروگرام میں صرف مقابلوں کا انعقاد نہیں ہوگا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے سکلز ڈویلپمنٹ کیمپس بھی منعقد کیے جا رہے ہیں۔ ان کیمپس میں بیٹنگ، باؤلنگ، فیلڈنگ اور فٹنس پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جبکہ علاقائی اور ضلعی سطح کے کوچز نوجوانوں کی تربیت کریں گے۔

پروگرام کے مقابلے ضلعی سطح سے شروع ہو کر ڈویژن، صوبائی اور قومی مرحلے تک پہنچیں گے۔ شیڈول کے مطابق ابتدائی مقابلوں کے بعد 100 ٹیموں کا ناک آؤٹ مرحلہ ہوگا، جبکہ قومی مرحلے کا فائنل دسمبر میں کھیلا جائے گا۔

اچھی کارکردگی دکھانے والے نوجوان کرکٹرز کو انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 کرکٹ کے ساتھ علاقائی اکیڈمیز اور ریجنل کرکٹ میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ پروگرام کا مقصد اسکول کی سطح پر موجود باصلاحیت کھلاڑیوں کی نشاندہی کرنا اور انہیں باقاعدہ کرکٹ نظام سے جوڑنا ہے، تاکہ ملک کے مختلف علاقوں سے ابھرنے والے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے زیادہ مواقع مل سکیں۔

Leave a reply