اسلام آباد، راولپنڈی اور مری میں آئندہ گھنٹوں کے دوران بارش کی پیشگوئی

0
20
اسلام آباد، راولپنڈی اور مری میں آئندہ گھنٹوں کے دوران بارش کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے بعد موسم ایک بار پھر تبدیل ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، مری اور قریبی علاقوں میں آئندہ چند گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی اور موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔

ادھر کرک اور اس کے گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد موسم ٹھنڈا اور خوشگوار ہو گیا۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں آج سے طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مالاکنڈ ڈویژن اور ہزارہ ڈویژن کے بالائی علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

اسی طرح چترال، دیر، سوات اور ایبٹ آباد میں شدید بارش اور ژالہ باری کے خدشات ظاہر کیے گئے ہیں، جبکہ لینڈ سلائیڈنگ اور فلیش فلڈنگ کے خطرات بھی موجود رہ سکتے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر اضلاع میں بھی آندھی اور بارش کا امکان ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

موسمی حالات کے پیش نظر شہریوں کو احتیاط اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

Leave a reply