آبنائے ہرمز کھولنے کی قیمت! امریکا اور ایران آمنے سامنے

0
13
آبنائے ہرمز کھولنے کی قیمت! امریکا اور ایران آمنے سامنے

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ آئندہ مذاکرات کے لیے ایک نئی شرط سامنے رکھتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کو ماضی میں ایرانی کارروائیوں کے نتیجے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں کو معاوضہ دینا ہوگا۔
ٹرمپ کا یہ مؤقف ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے بدلے امریکا سے جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات کا ازالہ طلب کیے جانے کے بعد سامنے آیا ہے۔
امریکی صدر نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ اگر ایران حالیہ فوجی تنازع میں ہونے والے نقصانات کا امریکا سے معاوضہ مانگ رہا ہے تو واشنگٹن بھی تہران سے سابقہ کارروائیوں کے متاثرین کے لیے معاوضے کا مطالبہ کرے گا۔
ٹرمپ کے مطابق ایران کے خلاف حالیہ فوجی کارروائیوں کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ تہران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ہونے والے مذاکرات میں ایرانی کارروائیوں سے متاثرہ امریکی شہریوں اور ان کے خاندانوں کے لیے معاوضے کا معاملہ بھی شامل کیا جائے گا۔
امریکی صدر نے مختلف عسکری واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ روڈ سائیڈ بم حملوں اور دیگر کارروائیوں میں ہلاک یا شدید زخمی ہونے والے افراد کے خاندانوں کو بھی معاوضہ ملنا چاہیے۔ انہوں نے سابق ایرانی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کا بھی ذکر کیا۔
ٹرمپ نے یو ایس ایس کول پر حملے میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں سمیت دیگر جنگی واقعات کے متاثرین کے لواحقین کے لیے بھی معاوضے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے ایران میں گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران احتجاجی مظاہروں میں ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں کے لیے بھی مالی معاوضے کی بات کی۔ ٹرمپ نے حالیہ تنازع کے دوران ہونے والی ہزاروں ہلاکتوں کا حوالہ دیتے ہوئے بھی معاوضے کا مطالبہ کیا۔
امریکی صدر کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے نمائندوں کو ہدایت کردی ہے کہ ایران سے معاوضے کا معاملہ آئندہ تمام مذاکرات میں باضابطہ طور پر اٹھایا جائے۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے امریکا سے معاوضے کا مطالبہ پہلے ہی سامنے آچکا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے ایک اہم عہدیدار محمد باقر ذوالقدر نے آبنائے ہرمز کی بحالی سے متعلق متعدد شرائط بیان کی تھیں، جن میں حالیہ جنگ کے نقصانات کا ازالہ بھی شامل ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان معاوضے کے معاملے نے مذاکرات کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔ آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور دیگر معاملات پر امریکا اور ایران کے درمیان بات چیت جاری ہے، تاہم نئی شرائط کے باعث کسی فوری معاہدے تک پہنچنے کے امکانات متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ٹرمپ نے واضح کردیا ہے کہ ایران سے معاوضے کا مطالبہ اب واشنگٹن اور تہران کے درمیان مستقبل میں ہونے والی بات چیت کا مستقل حصہ ہوگا۔

Leave a reply