آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کیلئے امریکا کا “پراجیکٹ فریڈم” شروع

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری بات چیت حوصلہ افزا اور مثبت سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں صدر ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی نمائندے ایران کے ساتھ رابطے میں ہیں اور یہ مذاکرات نہ صرف دونوں ممالک بلکہ خطے کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کے چند ممالک نے امریکا سے مدد کی درخواست کی ہے تاکہ آبنائے ہرمز میں پھنسے ان کے جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا جا سکے۔ اس سلسلے میں امریکا پیر کی صبح سے ایک اقدام شروع کرے گا جس کے تحت جہازوں کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
صدر ٹرمپ کے مطابق یہ جہاز ان ممالک کے ہیں جو مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کا حصہ نہیں ہیں۔ انہوں نے اپنے نمائندوں کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ ممالک کو یقین دہانی کرائی جائے کہ امریکا ان کے جہازوں اور عملے کو محفوظ طریقے سے نکالنے کی بھرپور کوشش کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ان ممالک اور کمپنیوں کو سہولت فراہم کرنا ہے جو کسی تنازع میں شامل نہیں، جبکہ کئی جہازوں میں خوراک اور دیگر ضروری اشیاء کی کمی بھی رپورٹ ہوئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اس عمل کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک اہم قدم قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ اس سے فریقین کے درمیان اعتماد سازی میں مدد ملے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس کوشش میں کسی قسم کی رکاوٹ ڈالی گئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔









