
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ سال ہونے والی پاکستان سپر لیگ میں نئے وینیوز شامل کیے جائیں گے، جس سے ایونٹ کو مزید وسعت اور شائقین کو نئی سہولیات میسر آئیں گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے لاہور میں فائنل کے کامیاب انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ شائقین نے شاندار نظم و ضبط اور بھرپور جوش و جذبے کا مظاہرہ کیا۔ ان کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں کرکٹ سے محبت کا جو منظر دیکھنے کو ملا، وہ قابلِ تعریف تھا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لاہور کے عوام نے ایک بار پھر ثابت کیا کہ وہ کرکٹ سے گہرا لگاؤ رکھتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ٹیموں کو بھرپور سپورٹ کیا اور میچ کو خوب انجوائے کیا، جو کھیل کے مثبت کلچر کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ شائقین کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت حاصل کرنا آسان نہیں تھا، کیونکہ حکومت کی جانب سے ایندھن کے کم استعمال پر زور دیا جا رہا تھا، تاہم کھیل میں دلچسپی کے باعث اجازت دی گئی۔
چیئرمین پی سی بی نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ اگلا ایڈیشن، یعنی پی ایس ایل 12، موجودہ سیزن سے زیادہ بڑا اور بہتر ہوگا۔









