آئی فون 18 پرو میکس کی ممکنہ تصاویر لیک، نئے رنگوں اور فیچرز کی تفصیلات سامنے آگئیں

0
27
آئی فون 18 پرو میکس کی ممکنہ تصاویر لیک، نئے رنگوں اور فیچرز کی تفصیلات سامنے آگئیں

ایپل کی نئی آئی فون 18 سیریز کی باضابطہ رونمائی میں ابھی تقریباً تین ماہ باقی ہیں، تاہم اس حوالے سے افواہوں اور لیکس کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی گئی تصاویر میں آئی فون 18 پرو میکس کا ممکنہ ڈیزائن اور رنگوں کی جھلک سامنے آئی ہے۔

لیک ہونے والی تصاویر کے مطابق آئی فون 18 پرو میکس مختلف رنگوں میں دکھائی دیتا ہے اور متعدد زاویوں سے اس کے ڈیزائن کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق فون کی مجموعی شکل کافی حد تک گزشتہ نسل کے پرو ماڈلز سے ملتی جلتی نظر آتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 پرو سیریز چار رنگوں میں دستیاب ہو سکتی ہے، جن میں لائٹ بلیو، ڈارک گرے، سلور اور ڈارک چیری شامل ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ گزشتہ ماڈلز میں مقبول رہنے والے اورنج رنگ کی جگہ اس بار ڈارک چیری کلر متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایپل اس سال اپنے نئے آئی فونز کی لانچ حکمت عملی میں بھی تبدیلی کر سکتا ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ستمبر میں آئی فون 18 پرو ماڈلز کے ساتھ کمپنی اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی پیش کرے گی، جبکہ آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کو 2027 کے ابتدائی مہینوں میں متعارف کرایا جا سکتا ہے۔

ہارڈ ویئر کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ آئی فون 18 پرو سیریز میں نیا اے 20 پرو بائیونک پروسیسر استعمال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دونوں پرو ماڈلز میں اپ گریڈ شدہ سی 2 موڈیم شامل ہونے کا امکان ہے، جو بہتر کنیکٹیویٹی فراہم کرے گا۔

کئی رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ایپل سیلفی کیمرے کے لیے استعمال ہونے والے ڈائنامک آئی لینڈ کے سائز کو مزید کم کر سکتا ہے، جس سے اسکرین پر زیادہ جگہ دستیاب ہوگی۔

واضح رہے کہ یہ تمام تفصیلات غیر سرکاری لیکس اور رپورٹس پر مبنی ہیں، جبکہ حتمی معلومات ایپل کی جانب سے باضابطہ اعلان کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔

Leave a reply