آئی ایم ایف سےجان چھڑانےکانسخہ کس کےپاس ؟

0
91

لاہور: (ہاٹ لائن نیوز) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس آئی ایم ایف سے جان چھڑانے کی ترکیب موجود ہے، انتخابات سے قبل معاشی حالات بہتر ہو رہے ہیں۔

سیالکوٹ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف ملک کو آئی ایم ایف سے آزاد کرائیں گے، وہ چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کے لیے تحفہ لانے والوں کے گلے پڑ گئے، تحریک انصاف کے چار سالہ دور میں مہنگائی ہوئی۔ مہنگائی عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکی ہے، جو قوم کے لیے تحفہ سمجھا جاتا تھا، وہ آپ کے گلے پڑ گیا ہے۔ پی ڈی ایم حکومت نے ملک کو معاشی خطرات سے بچایا۔

نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ ایک دو ممالک سے ہوتے ہوئے آئیں گے،۔ ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی وطن آمد پر شاندار استقبال کیا جائے گا، وہ ملک و قوم کے نجات دہندہ بن کر آرہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں بجلی کا یونٹ 11 روپے تھا جواب 56 روپے ہے۔ 65 لاکھ لوگوں کو روزگار دیا اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا اور انہیں اپیل کا حق نہیں دیا گیا۔ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کے ساتھ جو کچھ ہوا وہ تاریخ میں محفوظ ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ڈالرز کے ذخیرہ اندوزوں پر لگام لگا رہے ہیں، پاکستان سے افغانستان میں ڈالر کی سمگلنگ روکی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ملک چھوڑنا پڑے گا۔

پی ٹی آئی مخالف بیانات دینے والے عثمان ڈار کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ میرے سیاسی مخالف ہیں اور کسی معاملے پر تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔

Leave a reply