
کراچی: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی تمام بندرگاہیں جدید کاری کے منصوبے کے تحت ترقی کی راہ پر گامزن ہیں اور ملک عالمی سطح پر سمندری تجارتی مرکز کے طور پر ابھر سکتا ہے۔
کراچی میں جاری انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر نے بتایا کہ کراچی پورٹ اور پورٹ قاسم سمیت ملک کی دیگر تمام بندرگاہوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور مشرق وسطی کے درمیان تجارتی ہب کے طور پر اپنی اہمیت بڑھا سکتا ہے۔
احسن اقبال نے سرمایہ کاری کے مواقع کی جانب بھی توجہ دلائی اور کہا کہ پاکستان توانائی، آئی ٹی، معدنیات اور بلیو اکانومی جیسے شعبوں میں سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش ملک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سمندری وسائل کے مؤثر استعمال سے ملکی معیشت میں نمایاں ترقی ممکن ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں ہونے والی یہ انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو 6 نومبر تک جاری رہے گی اور اس میں دنیا کے مختلف خطوں سے 178 نمائش کنندگان حصہ لے رہے ہیں۔









