نادرا نے فنگر پرنٹس کی مشکلات کے حل کے لیے چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک تصدیق کا آغاز کر دیا

0
98
نادرا نے فنگر پرنٹس کی مشکلات کے حل کے لیے چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک تصدیق کا آغاز کر دیا

اسلام آباد: نادرا نے ایک نئی سہولت متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے شہری اب چہرے کی شناخت کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کروا سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد اُن افراد کی مشکلات کم کرنا ہے جو فنگر پرنٹس کے ذریعے تصدیق میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، جیسے بزرگ شہری یا وہ لوگ جنہیں طبی مسائل ہیں۔
نادرا کے اعلامیے کے مطابق، قومی شناختی کارڈ قوانین میں ترمیم کے بعد بائیومیٹرک کی تعریف میں توسیع کی گئی ہے۔ اب شہری پاک آئی موبائل ایپ پر بھی چہرے کی شناخت کے ذریعے تصدیق حاصل کر سکتے ہیں۔ مزید برآں، 20 جنوری سے نادرا مراکز میں چہرے کی شناخت پر مبنی بائیومیٹرک سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔
شہری معمولی فیس ادا کر کے یہ سرٹیفکیٹ حاصل کر سکیں گے، اور یہ سرٹیفکیٹ سات دن تک استعمال کے قابل ہوگا۔ سرٹیفکیٹ میں تصویر، شناختی کارڈ نمبر، نام، ولدیت، منفرد ٹریکنگ آئی ڈی اور کیو آر کوڈ شامل ہوگا۔
نادرا نے بتایا ہے کہ یہ نظام مکمل طور پر تیار ہے اور متعلقہ سرکاری اور نجی اداروں سے تعاون کی درخواست کی گئی ہے۔ اس سہولت کے استعمال سے متعلق کسی بھی شکایت کی صورت میں شہری متعلقہ ادارے سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ ڈیجیٹل آئی ڈی کے اجرا کے بعد یہ سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ پر بھی دستیاب ہوگی۔

Leave a reply