مستونگ میں زیر تعمیر عمارت کے مزدور اغوا، پولیس اور لیویز سرچ آپریشن میں مصروف

بلوچستان کے ضلع مستونگ کی تحصیل دشت میں نامعلوم مسلح افراد نے 9 مزدوروں کو اغوا کر لیا ہے۔ اغوا ہونے والے مزدور علاقے میں زیر تعمیر عمارت پر کام کر رہے تھے اور ان کا تعلق پنجاب اور سندھ کے مختلف علاقوں سے بتایا جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق مزدوروں کو کام ختم کرنے کے بعد واپسی کے دوران اغوا کیا گیا۔ حملہ آوروں نے پک اپ ڈرائیور کو کچھ فاصلے پر چھوڑ دیا جبکہ مزدوروں کو پک اپ سمیت لے گئے۔
لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پہاڑی علاقوں اور دیگر اہم مقامات پر تلاشی جاری ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے مزدوروں کی بازیابی کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اب تک کسی گروہ نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔








