عمران خان کی اسپتال منتقلی: حکومت کی سپریم کورٹ میں نئی نظرثانی درخواست

0
8
عمران خان کی اسپتال منتقلی: حکومت کی سپریم کورٹ میں نئی نظرثانی درخواست

اسلام آباد: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق معاملے میں حکومت نے سپریم کورٹ سے دوبارہ رجوع کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے سپریم کورٹ میں نئی متفرق نظرثانی درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں 18 اگست کے عدالتی فیصلے پر نظرثانی کی استدعا کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی درخواست سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس کی جانب سے پہلے عائد کیے گئے اعتراضات دور کرنے کے بعد جمع کرائی گئی۔ حکومت نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عدالت کا سابقہ حکم قانون اور جیل قواعد سے مطابقت نہیں رکھتا، اس لیے اسے واپس لیا جائے۔

درخواست میں عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے سے متعلق عدالتی ہدایات پر نظرثانی کی بھی استدعا کی گئی ہے۔

اس سے قبل حکومت کی جانب سے دائر نظرثانی درخواست رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے باعث واپس کردی گئی تھی۔

دوسری جانب عدالت کے حکم کے بعد عمران خان کو طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ اس دوران طبی ماہرین پر مشتمل ٹیم نے ان کا معائنہ کیا، جس کے بعد انہیں دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

حکام کے مطابق منتقلی کے موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے اور اسپتال جانے والے بعض راستوں پر ٹریفک کی روانی بھی محدود کی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے مطابق عمران خان کا طبی معائنہ ماہر امراض چشم، ماہر امراض قلب اور فزیشن سمیت مختلف شعبوں کے ڈاکٹروں نے کیا۔ بعد ازاں انہوں نے بتایا کہ طبی معائنے میں بانی پی ٹی آئی کی صحت تسلی بخش پائی گئی۔

Leave a reply