
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب بڑے بھائی کی حیثیت سے دیگر صوبوں کے لیے رہنمائی اور تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گا، تاہم پنجاب کے تجربات سے استفادہ کرنے والوں کو صوبے پر تنقید سے گریز کرنا چاہیے۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے، جہاں ہارٹ ٹرانسپلانٹ سمیت مختلف امراض قلب کے علاج کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ان کے مطابق ہارٹ ٹرانسپلانٹ کا علاج مکمل طور پر مفت ہوگا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور کی بڑھتی آبادی کے باعث پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر مریضوں کا دباؤ بڑھ رہا تھا، جس کے پیش نظر جناح کارڈیالوجی اسپتال کا قیام عمل میں لایا گیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز جلد نواز شریف کینسر اسپتال کا افتتاح کریں گی، جو ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا، جبکہ سرگودھا میں کارڈیالوجی اسپتال کا منصوبہ بھی تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔
عظمیٰ بخاری کے مطابق پنجاب کے سرکاری اسپتالوں میں ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب دیگر صوبوں کے ساتھ اپنے تجربات اور اقدامات شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔









