
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اہم سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے ہیں، جہاں انہوں نے ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ملاقات میں موجود تھے اور ایرانی دورے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ ہیں۔
ملاقات کے دوران خطے میں امن و استحکام سمیت موجودہ علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے باہمی تعاون اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں سے متعلق امور بھی زیرِ بحث آئے۔
پاکستانی حکام کے مطابق اس دورے کا مقصد علاقائی امن کے لیے سفارتی رابطوں کو مزید مضبوط بنانا اور جاری تنازعات کے پرامن حل کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
ذرائع کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کے دورے کے دوران مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے سفارتی کردار پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
پاکستان کی جانب سے علاقائی کشیدگی میں کمی، امن کے فروغ اور مؤثر سفارتی تعاون کے لیے رابطوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر زور دیا جا رہا ہے۔








