قطری وزیراعظم کی امریکی صدر سے اہم ملاقات، غزہ کی صورت حال پر گفتگو متوقع

قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی آج واشنگٹن میں امریکی صدر سے ملاقات کریں گے، جس میں حالیہ اسرائیلی حملے، غزہ میں سیز فائر کی کوششوں اور یرغمالیوں کی رہائی جیسے اہم معاملات پر گفتگو کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق قطری وزیراعظم امریکی صدر کے علاوہ دیگر اعلیٰ امریکی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور مشرق وسطیٰ سے متعلق خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف بھی شامل ہیں۔
ملاقات کا اہم ایجنڈا 9 ستمبر کو دوحہ میں پیش آنے والے اسرائیلی حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال اور یرغمالیوں کی ممکنہ رہائی سے متعلق معاہدے پر پیش رفت ہوگا۔
قطر خطے میں ثالثی کے کردار کے حوالے سے سرگرم ہے، اور حالیہ سفارتی رابطوں کا مقصد کشیدگی میں کمی اور انسانی بحران کے خاتمے کے لیے کوششیں تیز کرنا ہے۔








