ہاٹ لائن نیوز : ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث پروازوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا اور 2 روز میں 40 پروازیں منسوخ اور درجنوں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔
ملک کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث لاہور، سیالکوٹ و دیگر شہروں کے لیے فلائٹ آپریشن متاثر ہوا، آج اور کل 40 پروازیں منسوخ کر دی گئیں جب کہ 6 پروازوں کا رخ دوسرے ایئرپورٹس کی طرف موڑ دیا گیا اور درجنوں پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
دبئی سے سیالکوٹ جانے والی ایمریٹس ایئر کی پرواز ای کے 618 لینڈ نہ کرسکی اور دبئی واپس آگئی، پی آئی اے کی دوحہ لاہور کی پرواز پی کے 280 اسلام آباد میں اتری، جب کہ گوانگزو، جدہ اور دبئی جانے والی پروازیں اسلام آباد پہنچ گئیں۔
کراچی سے لاہور جانے والی پرواز کو واپس کراچی لایا گیا، ایئرپورٹ کے شیڈول کے مطابق لاہور اور مختلف ایئرپورٹس پر آج کی 15 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ شدید دھند کے باعث گزشتہ روز 25 پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں۔