دوست کے گھر سے نقدی اور موبائل فون غائب، خاتون ڈی ایس پی زیر تحقیقات

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک خاتون پولیس افسر پر اپنے دوست کے گھر سے نقد رقم اور موبائل فون چوری کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق، مدھیہ پردیش اسپیشل برانچ کی افسر کلپنا رگھوونشی مبینہ طور پر اپنی پڑوسی اور دوست پرمیلا تیواری کے گھر گئی، جہاں پرمیلا نے اپنی بیٹی کی اسکول فیس کے لیے بینک سے نکالی گئی دو لاکھ روپے کی رقم ایک بیگ میں رکھی ہوئی تھی۔
ذرائع کے مطابق، دروازہ کھلا ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے، کلپنا رگھوونشی نے نقد رقم اور موبائل فون اپنے ساتھ لے لیے۔ متاثرہ خاتون نے جب بیگ چیک کیا تو رقم غائب تھی، اور بعد میں سی سی ٹی وی فوٹیج میں افسر کو رقم اور فون لے جاتے ہوئے دیکھا گیا۔
پرمیلا نے ڈی ایس پی سے رابطہ کیا، لیکن افسر کی جانب سے دھمکی آمیز رویہ سامنے آیا۔ خوفزدہ خاتون نے فوری طور پر شکایت درج کروائی۔
تحقیقات کے دوران، مبینہ چوری شدہ موبائل فون واپس کر دیا گیا، تاہم دو لاکھ روپے کی نقدی تاحال بازیاب نہیں ہو سکی۔ پولیس محکمہ نے واقعہ کے بعد فوری کارروائی شروع کر دی ہے اور افسر کی تلاش جاری ہے۔









