
بھارتی سنیما میں گانوں کا جادو ہمیشہ سے فلموں کی پہچان رہا ہے۔ چاہے تاریخی نغمہ “جب پیار کیا تو ڈرنا کیا” ہو یا جدید رومانوی گیت، موسیقی ہر دور میں بالی ووڈ فلموں کی جان رہی ہے۔ مگر شاید کم ہی لوگ جانتے ہوں کہ دنیا کی سب سے زیادہ گانوں والی فلم تقریباً ایک صدی قبل بنائی گئی تھی — اور اس کا ریکارڈ آج تک کوئی نہیں توڑ سکا۔
سال 1932 میں ریلیز ہونے والی فلم “اندرا سبھا” کو ہدایتکار منی لال جوشی نے ڈائریکٹ کیا تھا۔ یہ فلم تقریباً 211 منٹ طویل تھی اور اس کی سب سے بڑی خاص بات یہ تھی کہ اس میں 72 گانے شامل تھے۔ بعض ذرائع میں یہ تعداد 69 یا 71 بتائی گئی ہے، تاہم گنیز ورلڈ ریکارڈز کے مطابق یہی وہ فلم ہے جس میں دنیا کی کسی بھی فلم کے مقابلے میں سب سے زیادہ نغمے شامل کیے گئے۔
“اندرا سبھا” کو جے ایف مدن کے بینر تلے بنایا گیا تھا۔ فلم میں جہاں آرا اور ماسٹر نثار نے مرکزی کردار ادا کیے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں آرا، مشہور گلوکارہ سِگن بیگم کی بیٹی تھیں، جو خود بھی اپنے زمانے میں معروف طوائف اور گلوکارہ تھیں۔
یہ فلم آغا حسن امانت کے مشہور اردو ڈرامے “اندرا سبھا” (1853) پر مبنی تھی، جسے اردو کا پہلا مکمل اسٹیج ڈرامہ مانا جاتا ہے۔ بعد ازاں اس ڈرامے کا ترجمہ جرمن زبان میں بھی کیا گیا، جو اس کی عالمی مقبولیت کی علامت ہے۔
1930 کی دہائی میں جب ہندوستانی فلمیں بولنا شروع ہوئی تھیں، “اندرا سبھا” نے موسیقی کو کہانی کا بنیادی حصہ بنا دیا۔ فلم کے ہر کردار کے لیے الگ گانا تیار کیا گیا، جو اس زمانے کے سامعین کے لیے ایک نیا اور دلکش تجربہ تھا۔
آج کے دور میں جہاں فلم “ہم آپ کے ہیں کون” میں 14 اور “تال” میں 12 گانے شامل تھے، وہاں “اندرا سبھا” کے 72 گانے ایک ناقابلِ یقین مثال ہیں۔
تقریباً 93 سال گزرنے کے باوجود یہ ریکارڈ آج بھی قائم ہے، اور “اندرا سبھا” بھارتی سنیما کی تاریخ میں ایک سنہری باب کی حیثیت رکھتی ہے — جہاں گانا محض تفریح نہیں، بلکہ کہانی کا دل تھا۔









