لاڈلے کماؤ پوت

لاہور میں ایک ٹی وی چینل کارپورٹر ٹریفک وارڈن سے پوچھ رہا تھا اس نے موٹرسائیکل سوار کا موبائل فون کیوں لیا۔ اردگرد ہجوم اکٹھا تھا اور لوگ کہہ رہے تھے ٹریفک وارڈن نے تشددبھی کیا ہے۔ آگے سے وارڈن صاحب بھی تگڑے تھے۔ بولے تم کس کی اجازت سے میری ویڈیو بنا رہے ہو، حالانکہ چہرے پر ماسک بھی چڑھا رکھا تھا۔ رپورٹر نے کہا آپ پبلک پلیس پر کھڑے ہیں اور یہ عوامی معاملہ ہے، اس لئے رپورٹنگ کرنا میرا حق ہے۔ پھر رپورٹر نے سی ٹی اوکو کیمرے کی طرف دیکھ کر مخاطب کرتے ہوئے کہا، دیکھ لیں آپ کا وارڈن کتنی بدتمیزی اور لوگوں کے ساتھ زیادتی کررہا ہے۔ یہ صورتِ حال دیکھ کر وارڈن بھی کہاں چوکنے والا تھا۔ اس نے کہانی کا رخ تبدیل کیا اور کہا میں تمہاری بلیک میلنگ میں نہیں آؤں گا۔ تم روزانہ بچے سے پیسے لینے آ جاتے ہو۔ اس پر رپورٹر نے وہاں موجود درجنوں لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا وارڈن زیادتی اور بدمعاشی کررہا ہے کہ نہیں، سب نے مشترکہ آواز نکالی بہت بدتمیز ہے۔ بات آگے بھی بڑھی ہوگی، لیکن میں نے جو ویڈیو کلپ دیکھا وہ اتنا ہی تھا۔ مجھے اس ویڈیو کو دیکھ کر اپنی زندگی میں گزرے کئی صحافتی واقعات یاد آ گئے۔ یہ بہت پرانا حربہ ہے کہ کوئی فراڈیا۔ ملاوٹ کرنے والا، رشوت خور اور عوام کو تنگ کرکے پیسے نکلوانے والا سرکاری یا غیر سرکاری بندہ یہ الزام ضرور لگاتا ہے کہ رپورٹر مجھے بلیک میل کرکے پیسے مانگ رہا ہے کیونکہ اس کے سوا اس کے پاس سامنے کی حقیقت کو جھٹلانے کا اور کوئی طریقہ نہیں ہوتا۔ اب لاہور کے اس وارڈن کی بات سن کر میں سوچ میں پڑ گیا کہ اسے بلیک میل کیسے کیا جاتا ہوگا۔ کیا یہ سڑک پر کھڑے ہو کر منشیات بیچتا ہے یا راہ چلتے لوگوں کی گھڑیاں اتار لیتا ہے۔ وہ کس وجہ سے بلیک میل ہوتا۔ اگر وہ سیدھی سادی نوکری کررہا ہے،اپنی ڈیوٹی بجا لا رہا ہے تو اسے کسی کے ویڈیو بنانے کا ڈر ہونا چاہیے اور نہ ہی بلیک میلنگ کا۔ بلیک میل ہوتا کون ہے، وہی جس کا دامن صاف نہیں ہوتا۔ میں نے ایک پٹواری کی بھی ایسی ہی باتیں ایک دور میں سنیں، جو اپنے زمانے کاکرپشن کنگ مشہور تھا اور اس نے اپنے پٹوار خانے میں ایک درجن سے زائد منشی رکھے ہوئے تھے۔ وہ راجہ کی طرح ایک طرف تکیہ لگا کر بیٹھتا تھا۔ کوئی فرد ملکیت، کوئی جائیداد سے متعلق کاغذ رشوت کے بغیر جاری نہیں کرتا تھا۔ افسروں کی بھی مونچھ کا بال تھا، کیونکہ ان کے سارے حکم بجا لاتا تھا۔ میں پورے ثبوتوں کے ساتھ جب اس کے پاس اپنے کیمرہ مین اور رپورٹر کے ہمراہ پہنچ گیا تو اس نے چائے پانی سے راضی کرنے کی کوشش کی۔ بات نہ بنی تو دھمکیوں پر اتر آیا کہ میرے ہاتھ بہت لمبے ہیں یہاں بھی ناکامی ہوئی تو اس نے شور مچانا شروع کر دیا۔ میں آپ کے ہاتھوں بلیک میل نہیں ہوں گا، ایک پیسہ بھی نہیں دوں گا۔ میں حرام کھاتا ہوں نہ کھلاتا ہوں۔یہ کہتے ہوئے وہ اُٹھ کر جانے لگا، ہم نے اس کا راستہ روکا اور پوچھا وہ یہ بتائے جعلی فرد ملکیت کیوں جاری کی مگر وہ جواب دینے کی بجائے بھاگ کھڑا ہوا۔ اس سے ہمیں یہ تصدیق ہوگئی کہ یہ واقعی غیر قانونی کاموں میں ملوث ہے۔ اگلے دن ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کرکے ساری صورتِ حال سامنے رکھی تو انہوں نے تصدیق کے لئے ایک دن کا وقت مانگا، اگلے دن وہ پٹواری نہ صرف معطل ہوا بلکہ اسے ہتھکڑیاں بھی لگ گئیں۔ میں نے تو اپنی زندگی میں یہی دیکھا ہے جس کا دامن صاف ہے وہ کیمرے سے گھبراتا ہے اور نہ میڈیا سے۔ اگر کوئی اس کے بارے میں جھوٹی خبر جاری بھی کر دے تو کوئی یقین نہیں کرتا اور اگلے دن تردید کی نوبت بھی آ جاتی ہے۔ بات شروع ہوئی تھی ٹریفک وارڈن سے، تو یہ طبقہ بھی اب بُری طرح مار دھاڑ کلچر میں رنگا گیا ہے۔ یہ فورس اس دعوے کے ساتھ بنائی گئی تھی کہ ٹریفک نظام کو بہتر کرے گی اور سڑکوں پر ایک مہذب رویے اور شہریوں کے ساتھ احترام کے ساتھ پیش آئے گی۔ اس وقت ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب الطاف قمر تھے۔ وہ یہی تلقین کرتے تھے، آپ نے شہریوں سے الجھنا نہیں انہیں سمجھانا ہے۔ جب تک وہ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب رہے، یہ وارڈنز ایک تہذیب یافتہ ڈسپلن فورس کا نقشہ پیش کرتے رہے کیونکہ ان کی بھرتی کے لئے تعلیم کا اعلیٰ معیار رکھا گیا تھا لیکن پھر وقت بدل گیا۔ یہ فورس ٹریفک کو سیدھا کرنے کی بجائے کماؤ فورس بنا دی گئی۔ تاریخ میں پہلی بار پنجاب حکومت نے اپنے آمدنی کے خانے میں گیارہ ارب سے زائد ٹریفک چالانوں کی مد سے حاصل ہونے والی آمدنی کو ظاہر کیا۔ یہ عجوبہ شاید پنجاب میں ہی ہواکہ فرض کرلیا گیا اتنے چالان ہوں گے اور شہری قوانین کی اتنی بڑی تعداد میں خلاف ورزی کریں گے۔
اب ہو کیا رہا ہے۔ یہ ٹریفک وارڈنز ذہنی مریض بن گئے ہیں ان کے ہاتھوں میں چالان بکیں تھما دی گئی ہیں اور ٹارگٹ دے دیا گیا ہے، شام تک اتنے چالان کرنے ہیں۔ اب ذرا سوچئے کسی دن جس سڑک پر یہ کھڑے ہیں وہاں سے سب ہیلمٹ پہن کر، سیٹ بیلٹ لگا کر، ڈرائیونگ لائسنس ساتھ لے کر گزرتے ہیں تو یہ اپنا ٹارگٹ کیسے پورا کریں گے۔بس یہی وہ موقع ہوتا ہے جب نفسیاتی طور پر بے بس ہو کر ان کا چالان بھی کرنا چاہتے ہیں جن کے پاس ہر چیز موجود ہے۔ پھر مزاحمت ہوتی ہے، لڑائی جھگڑے ہوتے ہیں۔ سارا الزام ان وارڈنز پر آتا ہے۔ کوئی ان کی ذہنی حالت کا نہیں سوچتا۔جو سارا دن یہ سوچتے رہتے ہیں، شام کو جب سی ٹی او کے دفتر جائیں گے تو ٹارگٹ پورا نہ ہونے کی بابت کیا جواب دیں گے۔ سو یہ اب پنجاب کی سڑکوں پر معمول کا منظر ہے کہ ٹریفک وارڈنز اور لوگ ایک دوسرے سے الجھ رہے ہیں، کئی اموات بھی ہوئی ہیں اور کئی لوگ ناجائز چالان کی وجہ سے خودکشی بھی کر گئے ہیں۔ افسروں کو بھی پتہ ہے اور حکومت کو بھی اس لئے بہتری کی گنجائش دور دور تک نظر نہیں آ رہی









