سیاست کے پل صراط

سیاست کے پل صراط

تحریر:حامد ولید

تاریخ گواہ ہے کہ سیاست کے ایوانوں میں الفاظ صرف آواز کا مجموعہ نہیں ہوتے، بلکہ یہ وہ تیر ہوتے ہیں جو ایک دور میں حریف کے سینے پر پیوست کیے جاتے ہیں اور وقت کا پہیہ گھومنے کے بعد وہی تیر واپس چلانے والے کے اپنے دامن کو چھلنی کر دیتے ہیں۔ پاکستانی سیاست اس وقت ایک ایسے ہی عجیب، دلچسپ اور کسی حد تک المیہ موڑ پر کھڑی ہے جہاں ماضی کے بیانیے آج کے کرداروں پر فٹ بیٹھتے ہوئے ایک نئے طنزِ مسلسل کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔
کچھ سال پہلے کا منظر نامہ ذرا یاد کیجیے۔ ہر ٹی وی ٹاک شو، ہر جلسہ گاہ اور ہر پریس کانفرنس کا سب سے گرم موضوع سابق وزیراعظم نواز شریف کی عدلیہ اور اداروں سے مبینہ روپوشی اور لندن میں قیام تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما، کارکنان اور بالخصوص ان کے سوشل میڈیا کے سپاہی دن رات ایک ہی رٹ لگائے رکھتے تھے: ”مفرور، مفرور، نواز شریف مفرور!“۔ اس ایک لفظ کو استعارہ بنا کر سیاسی مخالفین کی پوری سیاست کو کٹہرے میں کھڑا کیا گیا، قانونی اداروں کی تضحیک کی گئی اور اخلاقی برتری کا پرچم اونچا رکھنے کی بھرپور کوشش کی گئی۔
لیکن وقت کا پہیہ گھوما، حالات نے پلٹا کھایا اور آج کی حقیقت نے اس پورے بیانیے کا رُخ ہی موڑ دیا ہے۔ آج کا المیہ یا دلچسپ تضاد یہ ہے کہ وہی تحریک انصاف، جو کل تک دوسروں کو ”مفرور“ کہتی نہیں تھکتی تھی، آج خود عملی طور پر اسی صف میں کھڑی نظر آتی ہے۔
آج صورتحال یہ ہے کہ تحریک انصاف کے کئی اراکینِ قومی اسمبلی اور اراکینِ صوبائی اسمبلی قانون کی گرفت سے بچنے کے لئے روپوشی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ وہ منظر نامہ اب عام ہو چکا ہے جہاں منتخب عوامی نمائندے، جنہیں عوام کے ووٹ لے کر اسمبلیوں میں ان کے حقوق کی جنگ لڑنا تھی، وہ پردہ ا خفا کے پیچھے بیٹھے ہیں۔
رپورٹس اور اندرونی سیاسی گلیاروں سے چھن کر آنے والی باتیں بتاتی ہیں کہ جب ان سے پوچھا جاتا ہے کہ وہ اپنے حلقوں میں نظر کیوں نہیں آ رہے، عوام کے مسائل پر آواز کیوں نہیں اٹھا رہے، یا اسمبلی سیشنز سے غائب کیوں ہیں، تو وہ بڑی معصومیت (یا بے بسی) سے نجی ملاقاتوں میں اعتراف کرتے پائے جاتے ہیں: ”ہم اس لئے سامنے آ کر کام نہیں کرسکتے کیونکہ ہم مفرور ہیں!“
یہ جملہ محض ایک جملہ نہیں ہے، بلکہ یہ ہماری ملکی سیاسی اخلاقیات کا ایک ایسا مرثیہ ہے جس پر جتنا بھی ماتم کیا جائے کم ہے۔ ایک طرف عوام کا مینڈیٹ ہے، دوسری طرف قانون کی آہنی زنجیریں ہیں، اور بیچ میں وہ سیاسی رہنما ہیں جنہوں نے کبھی بڑے بڑے انقلابی دعوے کیے تھے، مگر جب امتحان کی گھڑی آئی تو میدان چھوڑ کر غائب ہو گئے۔
سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا سیاست کا اصول یہی ہے کہ جب اقتدار یا طاقت تمہارے پاس ہو تو قانون کا ہر ڈنڈا جائز ہے، اور جب حالات تمہارے خلاف ہوں تو قانون کا سامنا کرنے کے بجائے روپوش ہو جانا یا خود کو ”مفرور“ کہلوانا مجبوری بن جائے؟
جب نواز شریف یا دیگر اپوزیشن رہنما ماضی میں عدالتوں کا سامنا کرتے تھے، تو ان پر تنقید کے نشتر برسائے جاتے تھے۔ کہا جاتا تھا کہ ”اگر آپ سچے ہیں تو عدالتوں میں پیش ہوں، مفرور کیوں ہیں؟“ لیکن آج جب تحریک انصاف کے قائدین اور اراکین پر مقدمات کا پہاڑ ٹوٹا ہے، تو انہوں نے عدالتوں میں پیش ہونے یا قانون کا سامنا کرنے کے بجائے خود کو منظر سے غائب کر لینا بہتر سمجھا۔
نجی ملاقاتوں میں یہ اعتراف کرنا کہ ”ہم مفرور ہیں اس لئے سامنے نہیں آ سکتے“، اس بات کا اعتراف ہے کہ وہ خود اپنے ہی معیارِ اخلاق پر پورا نہیں اترتے۔ یہ اس سیاسی منافقت کا منہ بولتا ثبوت ہے جہاں اصول حالات کے تابع ہوتے ہیں اور نظریہ صرف سہولت کی حد تک باقی رہتا ہے۔
جمہوریت میں پارلیمنٹ اور عوام کے درمیان رابطے کا سب سے بڑا ذریعہ منتخب نمائندہ ہوتا ہے۔ ووٹرز اپنے نمائندے کو اس امید پر ووٹ دیتا ہے کہ وہ دکھ سکھ میں اس کے ساتھ کھڑا ہوگا، اسمبلی میں اس کا مقدمہ لڑے گا اور مشکل وقت میں اس کی ڈھارس بندھائے گا۔مگر آج کے پی ٹی آئی ووٹر کی حالت ِ زار دیکھیے۔ اس نے جنہیں ووٹ دے کر ایوانوں میں بھیجا تھا، وہ یا تو جیلوں کے پیچھے ہیں یا پھر ”مفرور“ کی حیثیت سے روپوشی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ نتیجہ کیا نکلا؟ حلقے لاوارث ہو چکے ہیں۔ ترقیاتی کام رکے ہوئے ہیں، عوام کے بنیادی مسائل کا پرسانِ حال کوئی نہیں اور منتخب نمائندے اپنی ذاتی بقا اور گرفتاری سے بچنے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔یہ صورتحال صرف ایک سیاسی جماعت کا مسئلہ نہیں ہے، بلکہ یہ پورے پارلیمانی نظام کے منہ پر ایک طمانچہ ہے۔ جب سیاستدان خود کو قانون سے بالاتر یا قانون کے خوف سے فرار سمجھنے لگیں، تو عوام کا جمہوریت پر سے اعتماد اٹھ جاتا ہے۔
پی ٹی آئی کا المیہ یہ رہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ ”بیانیے“ کی سیاست کی ہے۔ انہوں نے عوام کے جذبات کو اُبھارنے کے لئے ایسے ایسے کلمات اور نعرے تراشے جو وقتی طور پر تو بہت مقبول ہوئے، لیکن جب ان کے اپنے اوپر لاگو ہونے کا وقت آیا تو وہ بودے ثابت ہوئے۔
”مفرور“ کا لفظ بھی ان کے لئے ایک ایسا ہی بودا بن چکا ہے۔ کل جو لفظ انہوں نے دوسروں کے لئے ڈھال بنایا تھا، آج وہی لفظ ان کے کردار کی سب سے بڑی توضیح بن گیا ہے۔ سیاست میں جب آپ دوسروں کے لئے کھڈیاں کھودتے ہیں، تو اکثر وقت خود بھی اسی کھڈ میں جا گرتے ہیں۔ تاریخ اپنے آپ کو دہراتی ہے، اور شایدیہی قدرت کا وہ اٹل قانون ہے جو کسی کو معاف نہیں کرتا۔
آج ضرورت اِس امر کی ہے کہ ہمارے سیاستدان اس دوغلی پالیسی سے باہر نکلیں۔ قانون سب کے لئے برابر ہونا چاہئے۔اگر کوئی بے گناہ ہے تو اسے عدالتوں کا سامنا کرنا چاہئے،جیلوں اور روپوشی سے فرار ہو کر نجی محفلوں میں ”مفرور“ ہونے کا اقرار کرنا نہ تو بہادری ہے اور نہ ہی سیاست کی خدمت۔
عوام اب سب کچھ دیکھ رہے ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب ووٹرز ان تمام کرداروں سے حساب مانگے گا جو ووٹ لے کر غائب ہو گئے اور جنہوں نے اپنی جان اور آزادی بچانے کو عوام کی نمائندگی پر ترجیح دی۔ سیاست کا یہ باب آنے والی تاریخ میں ایک سبق کے طور پر یاد رکھا جائے گا کہ الفاظ کے تیر جب واپس آتے ہیں، تو وہ کس قدر تکلیف دہ ہوتے ہیں

Leave a reply