آزادئ اظہار رائے کا نذرانہ

یہ29جنوری1965ء کی ایک ٹھنڈی یخ رات تھی، شاہراہ قائداعظم اگرچہ جاگ رہی تھی مگر اُس کا ماحول یخ بستہ فضاء کی لپیٹ میں تھا ایسے ٹھٹھرے ہوئے موسم میں سول سیکرٹریٹ کے پہلو میں واقع پیپلز ہاؤس کے ایک کشادہ کمرے میں مغربی پاکستان اسمبلی میں حزبِ اختلاف کے ارکان کا اجلاس ہو رہا تھا اجلاس میں اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف خواجہ محمد صفدر، علامہ رحمت اللہ ارشد،امیر حبیب اللہ خان سعدی، نوابزادہ افتخار احمد انصاری، مسٹر حمزہ،میر عبدالباقی بلوچ اور دیگر ارکان شریک تھے، ان دنوں پنجاب اسمبلی کا اجلاس جاری تھا اور صدرِ مملکت فیلڈ مارشل کے حکم پر حکمران جماعت کی طرف سے ایوان میں پریس اینڈ پبلی کیشنز آرڈیننس پیش کیا جا چکا تھا۔ اس قانون کا مقصد آزادیئ صحافت پر کاری ضرب لگا کر اظہارِ رائے پر پابندیاں عائد کرنا تھا۔ اجلاس میں نوابزادہ افتخار احمد انصاری اور مسفر حمزہ انتہائی سخت سے سخت الفاظ میں مسودہ قانون کی مخالفت کرنے کے حق میں تھے ان کی ہم نوائی قائد حزبِ اختلاف خواجہ محمد صفدر سمیت میر عبدالباقی بلوچ اور امیر حبیب اللہ سعدی بھی کر رہے تھے تاہم خواجہ محمد صفدر کی اس تجویز سے سبھی ارکان متفق تھے کہ اگلے روز اسمبلی کے اجلاس میں مسودہ قانون پر بحث کا آغاز حزبِ اختلاف کی طرف سے باقی بلوچ کریں گے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ باقی بلوچ اس وقت اگرچہ سب سے کم عمر رکن اسمبلی تھے، مگر ملکی اور قومی مسائل پر پورا عبور رکھنے اور مسائل کو اپنے وسیع تر مطالعہ کی وجہ سے سمجھنے والے تھے ان کی معلومات کا ذخیرہ بھی قابل ذکر حد تک وسیع تھا۔پریس اینڈ پبلی کیشنز آرڈیننس پر انہوں نے لاتعداد کہنہ مشق اخبار نویسوں سے مل کر ٹھوس مواد بھی حاصل کیا تھا۔ اس پر طرہ یہ کہ باقی کو تقریر کرنے کا فن بھی آتا تھا۔بہرحال حزبِ اختلاف کے ارکان کا اجلاس ابھی جاری تھا کہ باقی بلوچ صدر اجلاس اور دیگر شرکاء سے معذرت کے ساتھ اجازت لیکر اسی حوالے سے کچھ اخبار نویسوں سے تبادلہ خیال کے لئے وہاں سے نکل گئے۔ عبدالباقی بلوچ کے بارے میں بتانا بے جا نہ ہو گا کہ باقی بلوچ فیلڈ مارشل ایوب خان کے عہد میں بنیادی جمہوریتوں کے نظام کے تحت منتخب ہونے والی پہلی مغربی پاکستان اسمبلی میں مکران سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے اور صرف تین برس کی پارلیمانی زندگی میں انہوں نے اپنی انتھک محنت، بلند پایہ معلومات، ٹھوس مواد سے لدی پھندی تقریروں سے نام پیدا کیا اور وہ ایک منجھے ہوئے پارلیمنٹیرین کے طور پر اُبھرے اسی باقی بلوچ کے بارے میں اس وقت کے قائد حزب اختلاف خواجہ محمد صفدر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ہماری ننھی مُنی اپوزیشن کے ننھے منے فاضل رکن کو میں نے سیاسی حالات سے کبھی گھبراتے نہیں دیکھا۔ بلوچ اُمید کی ایک کرن کا نام ہے، ہمارے اس نوجوان رفیق ِ کار باقی بلوچ کے سینے میں فولاد کا دِل ہے اور اس کا حوصلہ چٹانوں جیسا ہے۔ میں نے عقبی کمرے سے حزبِ اختلاف کے ارکان کے اجلاس کی کارروائی سنی اور جب اس حوالے سے حاصل ہونے والی معلومات کی خبر لے کر دفتر پہنچا اور ابھی خبر لکھ کر فارغ ہی ہوا تھا کہ میر عبدالباقی بلوچ دفتر نوائے وقت آ دھمکے اور علیک سلیک کے بعد چھوٹتے ہی کہا ”عرفان چغتائی کہاں ہے“۔ عرفان چغتائی ان دِنوں نوائے وقت کے میگزین ایڈیٹر تھے اور ان کے سیاسی کالموں نے ملک بھر کے سیاسی اور علمی و ادبی حلقوں میں دھوم مچا رکھی تھی، بتایا گیا، عرفان صاحب تو جا چکے ہیں، باقی بلوچ نے یہ سنا تو فوراً ہی چلے گئے، باقی بلوچ نوائے وقت کے دفتر واقع شاہدین بلڈنگ سے نیچے ہی اترے تھے کہ انہیں اسی عمارت میں واقع پی آئی اے کے بکنگ آفس کے قریب خبر رساں ادارے اے پی پی کے چیف رپورٹر نامور صحافی ضمیر قریشی مل گئے اور باقی بلوچ انہیں اپنے ساتھ لے گئے،ضمیر قریشی بھی باقی کے حلقہ یاراں کے اہم رکن تھے، پھر کیا ہوا۔ہوا یوں کہ مسٹر باقی بلوچ، ضمیر قریشی کے ساتھ رکن قومی ملک غلام جیلانی کی قیام گاہ واقع گلبرگ پہنچے اور ابھی یہ دونوں کوٹھی کے برآمدے میں ”کال بیل“ کی طرف بڑھے ہی تھے کہ ان پر گولیوں کی بوچھاڑ ہوئی، جس کے نتیجے میں ضمیر قریشی اسی وقت اللہ کو پیارے ہو گئے جبکہ میر عبدالباقی بلوچ شدید زخمی ہو کر گر پڑے،رات کے پچھلے پہر میو ہسپتال میں نیم جان باقی بلوچ اور جاں بحق ضمیر قریشی کو پہنچایا گیا تو اسی وقت نامور سرجن ڈاکٹر امیر الدین اطلاع ملنے پر فوراً ہسپتال پہنچ گئے اور پھر اگلی صبح جس طرح عوام کے جم غفیر سمیت سکولوں، کالجوں کے طلبا و طالبات وکلاء، ادیب، شاعر، اہل صحافت اور سماجی کارکنوں سے عبارت اَن گنت لوگوں سے ہسپتال میں مزید لوگوں کی جگہ نہ رہی، سبھی باقی بلوچ کے لئے اپنا خون دینے میو ہسپتال پہنچے تھے، چشم فلک نے میو ہسپتال میں کبھی اس جیسا جم غفیر نہیں دیکھا ہو گا۔ میو ہسپتال کے سبزہ زاروں، برآمدوں، سڑکوں میں قریباً چار دِنوں تک ہزاروں افراد کو خدا سے باقی بلوچ کی زندگی کی بھیک مانگتے دیکھا گیا۔
اس سانحہ کے تیسرے روز رات کو اس کے سنبھلنے کی خبر حاصل کرنے کی خاطر مجھے اس کے کمرے واقع ”البرٹ وکٹر“ میں پہنچ جانے کا موقع ملا تو اس کا سینہ کندھے سمیت بھی پٹیوں میں جکڑے ہوئے تھے۔ حال پوچھا تو انتہائی مدھم آواز میں میرا نام لے کر بولے:خالد،
میں نے اپنی شمع ہستی دونوں طرف سے جلائی ہے
شب نہ کٹے گی لیکن اب تو خوب فروزں گزری ہے
یہ ”آزادیئ اظہار رائے کا نذرانہ ہے“۔
جب فلیمنگ روڈ پر واقع نرالا سویٹ مارٹ سے ملحقہ گلی سے ضمیر قریشی مرحوم کا جنازہ اٹھا تو ایک جم غفیر تھا جس میں ملک بھر کی تمام اپوزیشن سیاسی جماعتوں کی سیاسی قیادت اور اخبار نویسوں کی بھاری تعداد کے علاوہ عام لوگوں سمیت کالجوں کے طالب علموں کی بڑی اکثریت بھی شامل تھی جب اس سانحہ کی یاد میں اہل صحافت کا اجتماع ہوا تو اس میں ”اے میرے لاہور“ کے عنوان سے حبیب جالب نے اپنا کلام سنا کر سامعین کو رُلا دیا۔انہوں نے ترنم سے کہا:
تیری گردن پر تھا پہلے تو حسن ناصر کا خوں
سینہئ باقی بھی تُو نے آج چھلنی کر دیا
آئے تھے یہ زخم دِل تجھ کو دکھانے کے لئے
اور تُو نے ان کے خوں سے اُن کا دامن بھر دیا
………………
اے مرے لاہور تیری عظموں کو کیا ہوا
تیرے ساحل سے تو آزادی کے افسانے چلے
تیری دھرتی سے وطن کے کتنے شیدائی چلے
اور گریبانوں کے پرچم لے کر دیوانے چلے
………………
موت ہے خود داریوں کی اصل میں قتل ضمیر
روئے بنے دِل داستانِ رنج و غم کہتے ہوئے
اے میرے لاہور اے شہر غزل دِل کے دیار
شرم آئی ہے تجھے شہر ستم کہتے ہوئے









