
محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 12 سے 15 اگست کے دوران بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں گرج چمک اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی اثرانداز ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں بارش متوقع ہے۔
کشمیر کے مختلف علاقوں، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور پوٹھوہار میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں 13 اگست کی شام یا رات سے 15 اگست تک گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے، جب کہ بعض مقامات پرشدیدبارش بھی ہوسکتی ہے۔
پنجاب کے لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال اور دیگر علاقوں سمیت سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
سندھ کے تھرپارکر، عمرکوٹ اور سانگھڑ میں 12 اور 13 اگست کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ صوبے کے بیشتر دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شدید بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، مردان، صوابی، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کے خدشے سے خبردار کیا ہے۔
دوسری جانب دیر، چترال، سوات، کوہستان، بونیر، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، سیاحوں اور مسافروں کو دورانِ سفر احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ کسانوں کو بھی موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔









