تربیتی پرواز تباہی میں بدل گئی، ترک ایف 16 دھماکے کے ساتھ گر کر تباہ

ترکیہ کا ایف 16 لڑاکا طیارہ تربیتی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، تاہم پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ کرکے اپنی جان بچالی۔
ترک وزارت دفاع کے مطابق حادثہ بدھ کے روز شمال مغربی ترکیہ کے صوبے یالووا میں پیش آیا۔ پائلٹ طیارے سے بحفاظت باہر نکل آیا اور اسے طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے میں کسی دوسرے شخص کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ترک حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جن کا مقصد طیارے کے حادثے کی وجوہات معلوم کرنا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ایف 16 ایک فضائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ حادثے کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ سامنے آنے والی ویڈیو میں طیارے کو کم بلندی پر پرواز کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، جس کے کچھ ہی لمحوں بعد علاقے سے دھویں کا بلند بادل اٹھتا دکھائی دیتا ہے۔
ترکیہ میں گزشتہ چند ماہ کے دوران ایف 16 سے متعلق یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے۔ اس سے قبل ایک ترک ایف 16 بلغاریہ کی سرحد کے قریب الرٹ رسپانس مشن کے دوران حادثے کا شکار ہوا تھا، جس میں پائلٹ جان کی بازی ہار گیا تھا۔
ترک فضائیہ کے طیاروں سے متعلق حالیہ حادثات کے بعد فوجی حکام کی جانب سے حفاظتی اقدامات اور تکنیکی وجوہات کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے۔








