
پاکستانی ماڈل و اداکار عبداللہ اعجاز نے انکشاف کیا ہے کہ شدید کمر درد اور عرق النساء کی تکلیف نے انہیں ماڈلنگ کا شعبہ چھوڑنے پر مجبور کردیا۔
ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عبداللہ اعجاز نے بتایا کہ تقریباً ڈیڑھ سال قبل انہیں کمر میں شدید درد کی شکایت شروع ہوئی، جو وقت کے ساتھ اس قدر بڑھ گئی کہ ان کے لیے بیٹھنا بھی مشکل ہوگیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ تکلیف کے دوران وہ معمول کے کام بھی آسانی سے نہیں کر پاتے تھے اور بعض اوقات کھانا بھی لیٹ کر کھانا پڑتا تھا۔ ان کے مطابق یہ عرصہ ان کے ساتھ ساتھ پورے خاندان کے لیے انتہائی مشکل ثابت ہوا۔
عبداللہ اعجاز کا کہنا تھا کہ انہیں خود بھی معلوم نہیں کہ یہ مسئلہ کس وجہ سے پیدا ہوا، تاہم انہیں شبہ ہے کہ ضرورت سے زیادہ ورزش اور سخت ٹریننگ اس کی ممکنہ وجہ ہوسکتی ہے۔
انہوں نے اپنی اہلیہ رابعہ کو مشکل وقت میں بھرپور ساتھ دینے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بیماری کے دوران ان کی بہت دیکھ بھال کی اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔
سابق ماڈل کے مطابق زندگی میں کامیابی اپنی جگہ اہم ہے، لیکن صحت کے مسائل بعض اوقات انسان کو اپنے کیریئر اور زندگی کے راستے تبدیل کرنے پر مجبور کردیتے ہیں۔
عبداللہ اعجاز نے ماڈلنگ کے بعد اداکاری میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور مختلف ڈراموں و ٹی وی پروگرامز میں کام کیا۔ وہ ’تماشا سیزن 3‘ کا بھی حصہ رہے۔
اب وہ ماڈلنگ اور اداکاری کے بجائے کمرشلز کی ڈائریکشن کے شعبے سے وابستہ ہیں، جہاں وہ اپنے کیریئر کو نئے انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں۔








