مشرقِ وسطیٰ میں پراسرار فضائی شے کی ویڈیو منظرِ عام پر

واشنگٹن: امریکی حکام نے نامعلوم فضائی مظاہر (UAP) سے متعلق نئی معلومات جاری کرتے ہوئے مشرقِ وسطیٰ کے ایک گنجان آباد علاقے کی ویڈیو بھی سامنے لائی ہے، جس میں ایک گول نما شے کو تیزی سے فضا میں حرکت کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
حکام کے مطابق اس واقعے کی دستیاب ویڈیو اور دیگر معلومات کا جائزہ لینے کے باوجود پراسرار شے کی حتمی شناخت نہیں ہوسکی۔ ماہرین یہ تعین کرنے میں بھی کامیاب نہیں ہوسکے کہ یہ کوئی ڈرون، غبارہ، طیارہ یا دیگر معلوم فضائی ذریعہ تھا۔
رپورٹ کے مطابق ویڈیو میں دکھائی دینے والی شے کی حرکت اور بعض خصوصیات معمول سے مختلف محسوس ہوئیں، تاہم موجودہ شواہد کی بنیاد پر ان کی مکمل وضاحت ممکن نہیں ہوسکی۔ اسی وجہ سے واقعے کو فی الحال غیر حل شدہ کیس کے طور پر درج کیا گیا ہے۔
امریکی حکام نے ساتھ ہی واضح کیا ہے کہ کسی فضائی واقعے کو ’غیر حل شدہ‘ قرار دینے کا مطلب یہ نہیں کہ اسے خلائی مخلوق یا کسی غیر زمینی سرگرمی سے جوڑا جائے۔ ان کے مطابق ایسے کیسز میں اکثر بنیادی مسئلہ یہ ہوتا ہے کہ کسی شے کی درست شناخت کے لیے مطلوبہ معلومات یا شواہد مکمل طور پر دستیاب نہیں ہوتے۔
یہ واقعہ نامعلوم فضائی مظاہر سے متعلق حالیہ جاری کیے گئے متعدد ریکارڈز میں شامل ہے۔ ان میں کچھ ایسے واقعات بھی موجود ہیں جنہیں فوجی نگرانی اور مختلف سینسرز کے ذریعے ریکارڈ کیا گیا تھا۔
امریکی اداروں کی جانب سے UAP سے متعلق مزید ریکارڈز جاری کیے جانے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دستیاب فائلوں کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے اور مستقبل میں مزید معلومات عوام کے سامنے آسکتی ہیں۔
دنیا بھر میں نامعلوم فضائی اشیا سے متعلق دلچسپی گزشتہ چند برسوں میں نمایاں طور پر بڑھی ہے، جبکہ مختلف حلقے حکومتوں سے ایسے واقعات کی تحقیقات اور معلومات کے اجرا میں مزید شفافیت کا مطالبہ بھی کرتے رہے ہیں۔








