“محسن نقوی کے بیان پر سیاسی ہنگامہ، رانا ثنا اللہ نے کھری کھری سنا دیں”

0
10
"محسن نقوی کے بیان پر سیاسی ہنگامہ، رانا ثنا اللہ نے کھری کھری سنا دیں"

آزاد کشمیر کے علاقے ہٹیاں بالا میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے حالیہ بیان پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی نے مختصر عرصے میں اس نظام میں وہ مقام حاصل کیا جس تک پہنچنے میں عام سیاست دانوں کو کئی دہائیاں لگتی ہیں، مگر اب وہ خود اس نظام کو ناکام قرار دے رہے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پارلیمانی جمہوری نظام پاکستان کے قیام کے بنیادی نظریے کا حصہ ہے اور اسے سیاسی جدوجہد کے نتیجے میں حاصل کیا گیا۔ ان کے مطابق نظام میں اصلاحات کی ضرورت ہو سکتی ہے، تاہم پورے نظام کو مسترد کرنا مناسب نہیں۔
انہوں نے انتخابی نتائج پر ہونے والی تنقید کا بھی جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر وزیراعظم کے انتخاب پر اعتراض کیا جاتا ہے تو پھر دیگر آئینی عہدوں کے انتخاب پر بھی یکساں معیار اپنانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود جمہوری اور آئینی نظام کا تسلسل برقرار رہنا چاہیے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا تھا کہ موجودہ انتظامی نظام ملکی ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہے، اس لیے نئے انتظامی یونٹس یا صوبوں کے قیام پر سنجیدگی سے غور کیا جانا چاہیے۔

Leave a reply