پاکستانی سفیر کا امریکی ٹیکسٹائل کمپنی کا دورہ، تجارتی روابط بڑھانے پر زور

0
12
پاکستانی سفیر کا امریکی ٹیکسٹائل کمپنی کا دورہ، تجارتی روابط بڑھانے پر زور

امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے ریاست انڈیانا میں قائم ایک معروف ٹیکسٹائل کمپنی کا دورہ کیا، جہاں انہیں ادارے کے آپریشنز، جدید گوداموں، مصنوعات کی ترسیل کے نظام اور پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران پاکستانی سفیر نے کمپنی کے ہیڈکوارٹرز اور ڈسٹری بیوشن سینٹر کا معائنہ کیا۔ کمپنی حکام نے انہیں صحت اور طبی شعبوں کے لیے تیار کی جانے والی ٹیکسٹائل مصنوعات، سپلائی نیٹ ورک اور کاروباری سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔

رضوان سعید شیخ نے پاکستان اور امریکی کمپنی کے درمیان جاری تجارتی تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تعلقات پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کے معیار، پیداواری صلاحیت اور عالمی مارکیٹ میں مسابقت کی عکاسی کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے نجی شعبوں کے درمیان مضبوط کاروباری روابط دونوں ممالک کے معاشی تعاون کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔ حکومت پاکستان کاروباری آسانیوں، شفافیت اور اقتصادی اصلاحات کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری اور دوطرفہ تجارت کے مواقع بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

پاکستانی سفیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پیدا ہوں گے، جس سے دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کو فائدہ پہنچے گا اور روزگار کے مزید مواقع پیدا ہونگے۔

Leave a reply