یمن کے قریب بھارتی جہاز نشانے پر، دھماکے کے بعد آگ لگی اور جہاز ڈوب گیا

0
19
یمن کے قریب بھارتی جہاز نشانے پر، دھماکے کے بعد آگ لگی اور جہاز ڈوب گیا

بحیرہ احمر میں یمن کے ساحلی علاقے کے قریب ایک بھارتی پرچم بردار تجارتی جہاز مبینہ حملے کے بعد ڈوب گیا۔ واقعہ حدیدہ اور مخا بندرگاہ کے درمیان سمندری حدود میں پیش آیا، جہاں جہاز میں آگ لگنے کے بعد وہ سمندر میں غرق ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق جہاز پر 14 افراد موجود تھے، جن میں 13 بھارتی شہری شامل تھے۔ یمنی کوسٹ گارڈ نے کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔
حملے کی ذمہ داری تاحال کسی گروہ نے قبول نہیں کی، تاہم یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے متعلقہ اداروں نے الزام لگایا ہے کہ یہ کارروائی حوثی جنگجوؤں کی جانب سے دھماکہ خیز کشتی کے ذریعے کی گئی۔
حوثی تنظیم کی طرف سے واقعے پر ابھی تک کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
بھارتی حکام نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی جہازوں کی حفاظت اور سمندری راستوں کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے بھی بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی بحری راستوں پر محفوظ اور بلا تعطل تجارت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث بحیرہ احمر اور دیگر اہم بحری راستوں پر سیکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ خطے میں جاری تنازعات نے عالمی تجارت، تیل کی ترسیل اور بحری نقل و حمل کو متاثر کیا ہے۔
دریں اثنا، کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں بھی جاری ہیں اور مختلف ممالک خطے میں بحری آمدورفت کی بحالی اور امن کے لیے مذاکرات پر زور دے رہے ہیں۔

Leave a reply