2025 میں عمرہ زائرین کی تعداد ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، پاکستانی دوسرے نمبر پر

ریاض: سعودی عرب کے وژن 2030 کے تحت جاری “پلگرم ایکسپیرینس پروگرام” (PEP) کی سالانہ رپورٹ کے مطابق سال 2025 کے دوران ایک کروڑ 80 لاکھ افراد نے عمرہ ادا کیا، جبکہ ایک کروڑ 60 لاکھ زائرین نے مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2022 کے مقابلے میں عمرہ زائرین کی تعداد میں 114 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سعودی حکام کے مطابق زائرین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے 60 سے زائد سرکاری و نجی اداروں کے اشتراک سے 87 منصوبے مکمل کیے گئے۔
اعداد و شمار کے مطابق عمرہ ویزوں پر آنے والے زائرین میں مصر پہلے، پاکستان دوسرے اور انڈونیشیا تیسرے نمبر پر رہے۔ سال 2025 کے دوران مجموعی طور پر 15.03 ملین ویزے جاری کیے گئے، جن میں تقریباً 83 فیصد صرف عمرے کے لیے تھے۔
رپورٹ کے مطابق حج زائرین کے اطمینان کی شرح 91 فیصد جبکہ عمرہ زائرین کی اطمینان کی شرح 94 فیصد رہی، جو مقررہ اہداف سے زیادہ ہے۔
دینی اور تاریخی مقامات کی تعداد بڑھا کر 87 کر دی گئی، جہاں سال بھر میں 5 کروڑ 50 لاکھ سے زائد دورے ریکارڈ کیے گئے۔ اسی عرصے میں ایک لاکھ 84 ہزار 569 رضاکاروں نے زائرین کی خدمت میں حصہ لیا۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عالمی سیاحتی اور زیارتی درجہ بندی میں مکہ مکرمہ پانچویں اور مدینہ منورہ ساتویں نمبر پر شامل ہوئے، جبکہ ان اقدامات کا مقصد زائرین کے سفر کو مزید آسان، منظم اور یادگار بنانا ہے۔









