
گوگل میپس دنیا بھر میں استعمال ہونے والی مقبول نیوی گیشن ایپس میں سے ایک ہے، جو صارفین کو راستوں کی رہنمائی کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی صورتحال سے بھی آگاہ کرتی ہے۔ ایپ میں مختلف رنگ صرف نقشے کو خوبصورت بنانے کے لیے نہیں بلکہ اہم معلومات فراہم کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں۔
عام طور پر نقشے میں چھوٹی گلیوں اور سڑکوں کو ہلکے سرمئی (گرے) جبکہ بڑی شاہراہوں کو نسبتاً گہرے سرمئی رنگ میں دکھایا جاتا ہے۔ ریلوے لائنوں کی نشاندہی بھی باریک سرمئی لکیروں سے کی جاتی ہے تاکہ انہیں سڑکوں سے الگ پہچانا جا سکے۔
ٹریفک کی صورت حال جاننے کیلیے گوگل میپس مختلف رنگ استعمال کرتا ہے۔ سبز رنگ اسکی علامت ہے کہ ٹریفک معمول کیمطابق رواں دواں ہے اورسفر میں کسی خاص رکاوٹ کی توقع نہیں ہے۔
پیلا یا نارنجی رنگ اس وقت ظاہر ہوتا ہے جب گاڑیاں چل تو رہی ہوں لیکن رفتار معمول سے کم ہو، جس کے باعث سفر میں کچھ تاخیر ہو سکتی ہے۔ نارنجی رنگ نسبتاً زیادہ رش کی نشاندہی کرتا ہے۔
سرخ رنگ زیادہ ٹریفک یا ٹریفک جام کی علامت ہوتا ہے۔ اگر سرخ رنگ ہلکا ہو تو اس کا مطلب ہے کہ ٹریفک سست ہے، جبکہ گہرا سرخ رنگ شدید رش اور نمایاں تاخیر کی نشاندہی کرتا ہے۔
نیلا رنگ ٹریفک کی کیفیت نہیں بلکہ راستے کی رہنمائی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ گہرا نیلا رنگ منتخب کردہ روٹ کو ظاہر کرتا ہے، جبکہ ہلکا نیلا رنگ متبادل راستوں کی نشاندہی کرتا ہے۔
ان رنگوں کی مدد سے صارفین سفر شروع کرنے سے پہلے ہی سڑکوں کی صورتحال کا اندازہ لگا سکتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر بہتر متبادل راستہ اختیار کر سکتے ہیں۔









