خاندانوں کے لیے خوشخبری، یو اے ای نے بچوں کی ویزا فیس معاف کردی

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے موسمِ گرما کی تعطیلات کے دوران بیرونِ ملک سے آنے والے سیاح خاندانوں کے لیے 18 سال سے کم عمر بچوں کے ٹورسٹ ویزا کی سرکاری فیس عارضی طور پر معاف کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اعلان کے مطابق یہ سہولت 15 جولائی سے 15 ستمبر تک دستیاب رہے گی۔ اس رعایت کا مقصد خاندانوں کو یو اے ای میں سیاحت کی ترغیب دینا اور سفری اخراجات میں کمی لانا ہے۔
یہ رعایت صرف ان بچوں پر لاگو ہوگی جو اپنے والدین کے ساتھ بطور سیاح یو اے ای کا سفر کریں گے۔ اس کے لیے بچوں کی ویزا درخواست والدین کی ٹورسٹ ویزا درخواست کے ساتھ ایک ہی وقت میں مقررہ مدت کے اندر جمع کرانا ضروری ہوگا۔
البتہ یو اے ای میں پہلے سے مقیم رہائشی اپنے بچوں کے وزٹ ویزا کے لیے اس سہولت سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔
اگرچہ بچوں کی سرکاری ویزا فیس معاف ہوگی، تاہم ٹریول انشورنس، ویزا پروسیسنگ اور ٹریول ایجنسی کے سروس چارجز بدستور ادا کرنا ہوں گے، جو مختلف اداروں کے مطابق تقریباً 120 درہم فی بچہ تک ہو سکتے ہیں۔
ٹریول انڈسٹری کے مطابق عام حالات میں بچوں کے ایک ماہ کے ٹورسٹ ویزا پر تقریباً 250 سے 350 درہم تک لاگت آتی ہے۔ نئی رعایت کے تحت دو بچوں کے ساتھ سفر کرنے والا خاندان مجموعی طور پر 500 سے 700 درہم تک کی بچت کر سکتا ہے، تاہم اضافی سروس اور انشورنس اخراجات الگ سے ادا کرنا ہوں گے۔
یہ سہولت 30 روزہ اور 60 روزہ دونوں ٹورسٹ ویزا پر لاگو ہوگی، جبکہ 18 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد پر معمول کی ویزا فیس ہی نافذ رہے گی۔
ماہرین نے والدین کو مشورہ دیا ہے کہ بچوں کی ویزا درخواست والدین کی درخواست کے ساتھ ہی جمع کرائیں تاکہ فیس میں دی گئی رعایت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔









