پاکستان میں لیتھیم کی ممکنہ بڑی دریافت، او جی ڈی سی نے زمینی شوراب میں موجودگی کی تصدیق کر دی

0
24
پاکستان میں لیتھیم کی ممکنہ بڑی دریافت، او جی ڈی سی نے زمینی شوراب میں موجودگی کی تصدیق کر دی

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے پاکستان میں پہلی مرتبہ زمینی شوراب (Formation Water/Brine) میں لیتھیم کی موجودگی کی تصدیق کی ہے۔

او جی ڈی سی کے پائلٹ جیوتھرمل پروگرام کے تحت ایک بلند درجۂ حرارت والے جیوتھرمل کنویں سے حاصل کیے گئے فارمیشن واٹر کے جدید جیوکیمیائی تجزیے کے دوران لیتھیم کی موجودگی سامنے آئی۔

حکام کے مطابق ابتدائی نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ شوراب میں لیتھیم کی مقدار دنیا کے بعض معروف لیتھیم بردار جیوتھرمل ذخائر کے قریب ہے۔ او جی ڈی سی کا کہنا ہے کہ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی دریافت ہے، جو مستقبل میں توانائی اور معدنی وسائل کے شعبے میں نئے امکانات پیدا کر سکتی ہے۔

لیتھیم کو موجودہ دور میں صاف توانائی کی منتقلی کے لیے ایک اہم معدنی وسیلہ سمجھا جاتا ہے۔ یہ برقی گاڑیوں کی بیٹریوں، توانائی ذخیرہ کرنے والے بڑے نظام اور جدید ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں استعمال ہوتا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر مزید تحقیق اور تجارتی جائزوں میں یہ ذخیرہ قابلِ عمل ثابت ہوتا ہے تو پاکستان کے لیے لیتھیم کی مقامی پیداوار کے نئے راستے کھل سکتے ہیں۔

Leave a reply