سعودی عرب کا ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف

0
24
سعودی عرب کا ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا متعارف

ریاض: سعودی عرب نے عمرہ زائرین کے لیے ایک سالہ ملٹی پل انٹری ویزا متعارف کرانے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر سے آنے والے زائرین کیلیے سفری سہولیات کومزید آسان بناناہے۔

نئے ویزا نظام کے تحت ویزا رکھنے والے افراد ایک سال کے دوران متعدد بار سعودی عرب کا سفر کر سکیں گے۔ ویزا کی مدت 365 دن ہوگی، تاہم ہر سال مجموعی قیام کی مدت 90 دن سے زیادہ نہیں ہو سکے گی۔

سعودی حکام کے مطابق ہر نئے سفر سے قبل زائرین کو نسک (Nusuk) پلیٹ فارم کے ذریعے منظور شدہ عمرہ سروس پیکیج حاصل کرنا ہوگا۔ عمرہ کی ادائیگی کے لیے نسک ایپ کے ذریعے ضروری اجازت نامہ لینا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

وزارت حج و عمرہ کے مطابق سعودی عرب سے روانگی کے بعد ویزا عارضی طور پر غیر فعال ہو جائے گا، جسے آئندہ سفر کے لیے مقررہ شرائط پوری کرنے کے بعد دوبارہ فعال کیا جا سکے گا۔

حکام نے بتایا کہ یہ ویزا حج سیزن کے دوران استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔ یکم ذوالقعدہ سے 13 ذوالحجہ تک اس سہولت پر پابندی ہوگی۔

سعودی عرب کا یہ اقدام عمرہ زائرین کے لیے سفری سہولت بڑھانے اور مذہبی سیاحت کے نظام کو مزید منظم بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

Leave a reply