
اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کے تعین کا نیا طریقہ کار منظور کر لیا ہے، جس کے تحت اب ان مصنوعات کی ایکس ڈپو قیمتیں روزانہ کی بنیاد پر جاری کی جائیں گی۔
نئے نظام کے مطابق قیمتوں کا تعین عالمی منڈی میں گزشتہ سات کاروباری دنوں کی اوسط قیمت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا، تاکہ مقامی نرخ بین الاقوامی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کے مطابق رہیں۔
اس طریقہ کار کے تحت قیمتوں کے اعلان کے لیے وزیراعظم یا وفاقی حکومت سے پیشگی منظوری لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ متعلقہ ریگولیٹری ادارہ خود روزانہ نئی قیمتوں کا اعلان جاری کر سکے گا۔
مزید یہ کہ ہفتہ اور اتوار کے روز پہلے سے نافذ قیمتیں برقرار رہیں گی، جبکہ یکم جولائی 2026 سے روزانہ کی پلیٹس ریفرنس قیمتیں بھی ادارے کی ویب سائٹ پر شائع کی جائیں گی تاکہ عوام اور متعلقہ شعبوں کو تازہ ترین معلومات بروقت دستیاب رہیں۔









