بڑی بیٹری، زیادہ طاقت… مگر وزن کتنا ہوگا؟ آئی فون 18 پرو میکس کی نئی تفصیلات لیک

0
26
بڑی بیٹری، زیادہ طاقت… مگر وزن کتنا ہوگا؟ آئی فون 18 پرو میکس کی نئی تفصیلات لیک

ویب ڈیسک: ایپل کے متوقع فلیگ شپ اسمارٹ فون آئی فون 18 پرو میکس سے متعلق نئی غیر مصدقہ معلومات سامنے آئی ہیں، جن کے مطابق ڈیوائس میں پہلے سے بڑی بیٹری شامل کی جا سکتی ہے، جس کے نتیجے میں اس کا وزن بھی بڑھنے کا امکان ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس اور ٹیک لیکس کے مطابق، نئے ماڈل میں 5,500 ایم اے ایچ سے زیادہ گنجائش کی بیٹری دیے جانے کی توقع ہے۔ اگر یہ اطلاعات درست ثابت ہوئیں تو فون کا وزن تقریباً 240 گرام تک پہنچ سکتا ہے، جو اسے ایپل کے اب تک کے سب سے بھاری آئی فونز میں شامل کر دے گا۔
ذرائع کے مطابق، فون کی موٹائی بھی موجودہ ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ ہو سکتی ہے اور یہ تقریباً 9 ملی میٹر تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اس تبدیلی کا مقصد بڑی بیٹری اور نئے ہارڈویئر کو جگہ فراہم کرنا بتایا جا رہا ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ مختلف ممالک کے لیے بیٹری کی گنجائش میں معمولی فرق ہو سکتا ہے۔ مثال کے طور پر امریکی اور چینی ماڈلز میں ڈیزائن کی وجہ سے بیٹری کی صلاحیت ایک جیسی نہ ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ بیٹری کی گنجائش میں اضافے کا لازمی مطلب یہ نہیں کہ فون کئی دن تک چارج کے بغیر چل سکے گا۔ اضافی توانائی کا بڑا حصہ ممکنہ طور پر ایپل کے نئے مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی فیچرز اور دیگر جدید سافٹ ویئر صلاحیتوں کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
ادھر یہ افواہیں بھی گردش کر رہی ہیں کہ ایپل اسی لانچ ایونٹ کے دوران اپنا پہلا فولڈ ایبل اسمارٹ فون بھی متعارف کرا سکتا ہے، تاہم کمپنی نے ان اطلاعات کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
واضح رہے کہ ایپل کی جانب سے ابھی تک آئی فون 18 پرو میکس کی بیٹری، وزن یا دیگر خصوصیات کے بارے میں کوئی سرکاری اعلان سامنے نہیں آیا، اس لیے تمام معلومات کو فی الحال لیکس اور غیر مصدقہ رپورٹس کے تناظر میں ہی دیکھا جانا چاہیے۔

Leave a reply