ٹرمپ کا ایران پر بڑا وار؟ زمینی فوج بھیجنے پر غور کا دعویٰ

0
10
ٹرمپ کا ایران پر بڑا وار؟ زمینی فوج بھیجنے پر غور کا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی میڈیا کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف ممکنہ زمینی فوجی کارروائی کے مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں، جن میں آبنائے ہرمز کے قریب بعض ایرانی جزائر پر قبضے کی تجویز بھی شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق، یہ دعویٰ امریکی حکام کے حوالے سے کیا گیا ہے، تاہم اس حوالے سے امریکی حکومت کی جانب سے باضابطہ طور پر کوئی تصدیق یا اعلان سامنے نہیں آیا۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ایران کو جلد شکست دی جائے گی اور ان کے بقول ایران مذاکرات کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیکھا جائے گا کہ آیا کسی ممکنہ معاہدے تک پہنچا جا سکتا ہے یا نہیں۔
ایرانی تنصیبات پر ممکنہ حملوں کی ڈیڈ لائن سے متعلق سوال پر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ڈیڈ لائن مقرر کرنا پسند نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنا رویہ بہتر بنانا چاہیے اور وہ موجودہ صورتحال سے آگاہ ہے۔
دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق، حالیہ کارروائی کا مقصد ان ایرانی فوجی صلاحیتوں کو نشانہ بنانا تھا جو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے خطرہ سمجھی جاتی ہیں۔
ادھر ایرانی میڈیا نے سیریک، اہواز، چابہار اور بندر عباس میں دھماکوں کی اطلاعات دی ہیں۔ بعض رپورٹس میں جانی نقصان کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
اس معاملے پر دونوں ممالک کی جانب سے مزید سرکاری تفصیلات سامنے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔

Leave a reply