مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل، کے الیکٹرک نے شہریوں کو خبردار کردیا

0
8
مون سون کے دوران احتیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل، کے الیکٹرک نے شہریوں کو خبردار کردیا

کراچی: مون سون بارشوں کے پیش نظر کے الیکٹرک نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی حفاظت کو ترجیح دیتے ہوئے بجلی کی تنصیبات کے قریب احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

کے الیکٹرک کے مطابق بارشوں کے موسم کے لیے بجلی کے نظام کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ کمپنی نے اپنے فیڈرز، گرڈ اسٹیشنز اور تقسیمی نظام کی جانچ، مرمت اور ضروری تبدیلیوں کا عمل مکمل کیا ہے تاکہ خراب موسم کے دوران بجلی کی فراہمی کو زیادہ بہتر بنایا جا سکے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ موسمی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے جبکہ آپریشنل ٹیموں کو الرٹ رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ متعلقہ سرکاری اداروں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ رابطہ بھی برقرار رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

کے الیکٹرک کے مطابق مون سون کی تیاریوں کے دوران بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز، سروس بریکٹس اور دیگر تنصیبات کی بہتری کے لیے مختلف حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔ کمپنی نے تقسیم کے نظام کو محفوظ بنانے کے لیے بڑے پیمانے پر مرمت اور اپ گریڈیشن کے کام مکمل کیے ہیں۔

کے الیکٹرک نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں، میٹرز، سروس بریکٹس، ٹوٹی ہوئی تاروں اور پانی میں موجود بجلی کی تنصیبات سے دور رہیں۔ شہریوں کو خاص طور پر ایسے مقامات پر احتیاط کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے جہاں بارش کا پانی جمع ہونے کا امکان ہو۔

کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ مون سون کے دوران عوامی تحفظ کے لیے اداروں کی تیاری کے ساتھ ساتھ شہریوں کا ذمہ دارانہ طرزِ عمل بھی ضروری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خراب سوئچز، گیلی تاروں یا متاثرہ برقی آلات کو ہاتھ لگانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی فوری اطلاع دیں۔

بجلی سے متعلق ہنگامی صورتحال میں صارفین کے الیکٹرک کی ہیلپ لائن 118 پر رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ شکایات کے اندراج کے لیے کمپنی کے دیگر دستیاب رابطہ ذرائع بھی استعمال کیے جا سکتے ہیں۔

Leave a reply