ٹرافی تنازع: بھارتی بورڈ نے تقریب سے پہلے اے سی سی کو کیا بتایا؟

0
24
ٹرافی تنازع: بھارتی بورڈ نے تقریب سے پہلے اے سی سی کو کیا بتایا؟

ویب ڈیسک: ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میں بھارتی ٹیم کی جانب سے ٹرافی وصول کرنے کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کے معاملے پر نئی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کو فائنل سے قبل ہی آگاہ کردیا تھا کہ اگر اے سی سی کے سربراہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی ٹرافی پیش کرنے کی تقریب میں موجود ہوئے تو بھارتی ٹیم ان سے ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔

بھارتی خواتین کی ٹیم نے سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا، تاہم تقریب کے دوران ٹرافی وصول کرنے کے لیے مقررہ طریقہ کار پر اتفاق نہ ہوسکا۔

بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیوجیت سائکیا کے مطابق بھارتی ٹیم اے سی سی کے ڈپٹی چیئرمین خالد الزرونی سے ٹرافی لینے پر آمادہ تھی، لیکن یہ تجویز منظور نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس صورتحال میں بھارتی بورڈ نے تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

رپورٹس کے مطابق اس مرتبہ ٹرافی کو بھی تقریب کے اسٹیج پر نہیں لایا گیا۔ بی سی سی آئی کا مؤقف ہے کہ وہ بعد میں ٹرافی باضابطہ طور پر حاصل کرنے کی توقع رکھتا ہے۔

دیوجیت سائکیا نے کہا کہ بھارتی بورڈ اپنے سابقہ مؤقف پر قائم ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ ایشیا کپ کے بعد بھی بھارتی ٹیم کو ٹرافی نہیں مل سکی اور بورڈ اس معاملے کو اپنے طے شدہ مؤقف کے مطابق دیکھ رہا ہے۔

یہ معاملہ گزشتہ برس کے ایشیا کپ کے دوران پیدا ہونے والے تنازع کے بعد ایک مرتبہ پھر توجہ کا مرکز بنا ہے، جب بھارتی مردوں کی ٹیم نے بھی محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی۔

بی سی سی آئی حکام کے بیانات سے واضح ہوتا ہے کہ پاک بھارت سیاسی کشیدگی کا اثر کرکٹ کی ٹرافی تقریب تک بھی برقرار ہے۔

Leave a reply