ماجد ستی قتل کیس: راولپنڈی عدالت کا فیصلہ، فرخ کھوکھر کو عمر قید، شریک ملزم بری

راولپنڈی کی ایک مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن اور سماجی شخصیت ماجد ستی کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم فرخ کھوکھر کو عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ عدالت نے شواہد ناکافی ہونے پر شریک ملزم وسیم کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔
یہ فیصلہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج افشاں اعجاز صافی نے جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی میں سنایا۔ فیصلے کے موقع پر عدالت اور اس کے اطراف میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے جبکہ پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات رہی۔
عدالت کے حکم پر ضمانت پر موجود فرخ کھوکھر کو کمرہ عدالت سے ہی گرفتار کر لیا گیا، بعد ازاں انہیں قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔
یہ مقدمہ 22 اگست 2022 کو راولپنڈی کے علاقے سکستھ روڈ پر پیش آنے والے واقعے سے متعلق تھا، جہاں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ماجد ستی جاں بحق ہوگئے تھے۔ اس واقعے کا مقدمہ تھانہ صادق آباد میں درج کیا گیا تھا۔
عدالتی کارروائی اور تفتیش کے دوران استغاثہ نے مؤقف اختیار کیا کہ مقتول ایک پلاٹ پر مبینہ ناجائز قبضے کی مزاحمت کر رہے تھے، جس کے باعث انہیں قتل کیا گیا۔ عدالت نے دستیاب شواہد اور گواہوں کے بیانات کا جائزہ لینے کے بعد مرکزی ملزم کو جرم کا مرتکب قرار دیا۔
فیصلے کے بعد مقتول کے اہل خانہ اور قانونی ٹیم نے عدالتی فیصلے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے انصاف کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔








