ایل پی جی انڈسٹری کا حکومت کو الٹی میٹم، مطالبات نہ مانے گئے تو ملک گیر شٹر ڈاؤن کی دھمکی

0
24
ایل پی جی انڈسٹری کا حکومت کو الٹی میٹم، مطالبات نہ مانے گئے تو ملک گیر شٹر ڈاؤن کی دھمکی

لاہور: ملک بھر سے ایل پی جی شعبے سے وابستہ مختلف نمائندوں نے صنعت کو درپیش مسائل کے فوری حل اور پالیسی اصلاحات کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مطالبات پر پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں احتجاج اور کاروبار کی بندش سمیت دیگر آپشنز پر غور کیا جا سکتا ہے۔
لاہور میں منعقدہ نیشنل ایل پی جی اسٹیک ہولڈرز کانفرنس میں درآمد کنندگان، مارکیٹنگ کمپنیوں، ڈسٹری بیوٹرز، ٹرانسپورٹرز، پلانٹ مالکان اور دیگر متعلقہ شعبوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں صنعت کو درپیش انتظامی، ریگولیٹری اور سیکیورٹی مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
کانفرنس کے شرکا نے کہا کہ ایل پی جی کی محفوظ اور بلا تعطل ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر سیکیورٹی اقدامات ناگزیر ہیں، خصوصاً ان علاقوں میں جہاں ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیوروں کو سیکیورٹی خدشات کا سامنا رہتا ہے۔
اجلاس میں قیمتوں کے تعین کے موجودہ طریقہ کار پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ اس حوالے سے شفاف نظام اپنایا جائے اور صنعت کے نمائندوں سے مشاورت کو یقینی بنایا جائے۔
شرکا نے متعلقہ ریگولیٹری اداروں کی کارروائیوں، چھاپوں اور کاروباری پابندیوں کے حوالے سے بھی اپنے خدشات پیش کیے اور مؤقف اختیار کیا کہ قانون پر عملدرآمد کے ساتھ جائز کاروباری سرگرمیوں کے تحفظ کو بھی یقینی بنایا جانا چاہیے۔
کانفرنس میں پلانٹس کے خلاف کارروائیوں، جرمانوں اور کوٹے کی تقسیم کے نظام کو مزید شفاف اور منصفانہ بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
اجلاس کے اختتام پر صنعت اور حکومتی اداروں کے درمیان رابطوں کو مؤثر بنانے کے لیے ایک انڈسٹری کوآرڈینیشن کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اپنے متفقہ مطالبات پر مشتمل سفارشات متعلقہ حکام کو پیش کی جائیں گی، جبکہ مطالبات پر مناسب پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں آئندہ کے لائحہ عمل، بشمول احتجاج اور کاروباری سرگرمیاں معطل کرنے جیسے اقدامات، پر غور کیا جائے گا۔

Leave a reply